Live Updates

کشیدہ حالات کے باعث ایندھن کا ذخیرہ آٹھ کی بجائے 30روز کرنے کیلئے ایمر جنسی کا نفاذ کردیا‘ شیخ رشید

آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے ،سراج درانی کی بڑی گرفتاری کے باوجود سندھ میں مکھی نے پر نہیں مارا چالیس آدمیوں پر جھاڑو پھرے گا ، ملک لوٹنے والے ایسی ایسی بیماری ڈھونڈھ کر لاتے ہیں جس کا علاج ہی صرف لندن میں ہوتا ہے ملک میں فریٹ اور پسنجر ٹرینوں کا جال بچھایا جائیگا ،18ممالک نے جوائنٹ ونچر میں دلچسپی ظاہر کی ہے‘وزیر ریلوے کی پریس کانفرنس

ہفتہ 23 فروری 2019 15:32

کشیدہ حالات کے باعث ایندھن کا ذخیرہ آٹھ کی بجائے 30روز کرنے کیلئے ایمر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت سے کشیدگی کے باعث ایندھن کا ذخیرہ آٹھ کی بجائے ایک ماہ کرنے کیلئے ایمر جنسی کا نفاذ کردیا ہے ،آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے اور آغاسراج درانی کی بڑی گرفتاری کے باوجود سندھ میں مکھی نے پر نہیں مارا ، میں اپنے اس دعوے پر قائم ہوں کہ چالیس آدمیوں پر جھاڑو پھرے گا اور مارچ کی ڈیڈ لائن ایک یادو مہینے آگے ہو سکتی ہے ، ملک کولوٹنے والے ایسی ایسی بیماری ڈھونڈھ کر لاتے ہیں جس کا علاج ہی صرف لندن میں ہوتا ہے اور آپریشن ایسے جراح سے کراتے ہیں کہ کوئی نشان ہی نہیں پڑتا،ملک میں فریٹ اور پسنجر ٹرینوں کا جال بچھانے کا فیصلہ کیا ہے ،ترکی، روس اور چین سمیت18ممالک نے جوائنٹ ونچر میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی اراضی کو کمپیوٹر ائزڈ کر دیا ہے جس سے موبائل پر اس کی تمام معلومات حاصل ہو سکیں گی ۔ تجاوزات کے حوالے سے دوبارہ ریو یو کر رہے ہیں اور اس حوالے سے جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں پہلی بار نان سٹاپ ٹرین جناح ایکسپریس (وی آئی پی )چلانے جارہے ہیں جو لاہور کینٹ سے کراچی کینٹ کے درمیان چلے گی اور اس کا سفر 14سے 15گھنٹوں پرمحیط ہوگا ،اس کے بعد ہم سر سید ایکسپریس کو لے کر آئیں گے۔

ہم درگئی، مردارن، پشاور، نوشہرہ، تخت بھائی کو کراچی کے ساتھ لنک کریں گے ۔ چار ماہ میں پسنجر ٹرینوں سے 2.4ارب روپے زیادہ آمدن ہوئی ہے، ہم اپنے اخراجات کم کر رہے ہیں اور 10ارب کے ہدف کو حاصل کریں گے ، ہم ہر اس جگہ جائیں گے جہاں سے ہمیں سواری ملے گی ، ہم آئندہ پندرہ روز تک ٹرینوں کے ساتھ کوچز کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں ۔ فریٹ ٹرین جس کا 25ویگنوں کے ساتھ آغاز کیا تھا اسے 30کر دیا ہے ،فریٹ ٹرین کا کرایہ ٹرانسپورٹ کی نسبت کم رکھا ہے تاکہ ہمیں بزنس ملے ۔

100 دنوں میں 20ٹرینیںچلائی ہیں اس سال بھی 20ٹرینیں چلائی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ریلوے میں پوسٹوں کو اپ گریڈ کر رہے ہیں ،ریلوے میں پروموشن کا نظام سست ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے میرٹ پر مستقل کرنے اور بھرتیوں کی اجازت دی ہے ، ریلوے پولیس میںبہتری لارہے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ چائنیز انجن جو اوورڈیٹ ہو رہے ہیں ان کی اوور ہالنگ کرنے جارہے ہیں ،پسنجر اور فریٹ کے لئے کوچز کو ری ویمپ کر رہے ہیںاور جیسے جیسے بزنس بڑھے گا اس سلسلے کو بڑھائیں گے ۔

چار ہزار ہارس پاور کے انجن کے ساتھ 13کی بجائے 20کوچز لگاکر چلانے کا پروگرام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے اور کرپشن پر معافی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہا کہ میں نے لاہور میں کہا تھاکہ اور پھر دہراتا ہوں کہ کسی کو ڈیل اور ڈھیل کی بات کرتے نہیں دیکھا سوائے شہباز شریف کے ۔ انہوںنے کہا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ریلوے کے ایندھن کے ذخیرے کو آٹھ دن سے بڑھا کر ایک ماہ کرنے کے لئے ایمر جنسی نافذ کی ہے اور اس کیلئے ادائیگیاں کرنے کا بھی کہہ دیا ہے ۔

وزیر اعظم کی اجازت سے ویجی لینس اور ریڈیمکو کو ختم کیا اور اب ایک اور محکمے کو ختم کرنے جارہا ہوں۔ انہوںنے آصف علی زرداری کی جانب سے تحریک چلانے کے سوال کے جواب میں کہا کہ آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے ،ان کا پاسورڈ ہی گم ہے ، سراج درانی کی بڑی گرفتاری ہوئی ہے لیکن سندھ میں مکھی نے بھی پر نہیں مارا۔ انہوںنے کہا کہ میڈیا سے معلوم ہوا ہے کہ مجھے ایل این جی کیس میں نیب نے 27فروری کو طلب کیا ہے ، جب میں نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف درخواست دی تھی تب میں اپوزیشن میں تھا اور اب نیب میں پیش ہونے کیلئے وزیر اعظم عمران خان سے باضابطہ اجازت طلب کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک کا پاکستان کے ریلوے پر اعتماد بڑھا ہے ، ترکی ، روس، ایران، چین، ازبکستان سمیت 18ممالک نے ساتھ جوائنٹ ونچر کرنے میںدلچسپی کا اظہا رکیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں 6مارچ کو ایران کے روحانی پیشوا کی دعوت پر ایران جارہا ہوں اور اس کے بعد ایک روز کیلئے کانفرنس میں شرکت کے لئے دبئی جانا ہے ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک لوٹنے والے جب اقتدار میںہوں تو مکمل فٹ ہوتے ہیں اور جیسے ہی اپوزیشن میں آتے ہیں اور ان کا احتساب کیا جاتا ہے تو ان کی بیماریاں جنم پا جاتی ہیں ۔

شریف برادران نے کہا ہے کہ چوری میں انہیں جو سزا ہوئی ہے وہ ٹھیک ہے لیکن اب اس بنیاد پر ضمانت مانگی ہیے کہ ان کی صحت سات سال سزا کاٹنے کے قابل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے چار ریاستوںمیں شکست کے بعد جان بوجھ کر 65سے 70فیصد جنگ کے چانسز پیدا کر دئیے ہیں ، میں اپنی سیاسی بصیرت کی بناء پر کہہ رہا ہوں کہ مودی نے سیاسی پوزیشن کو مذہبی نفرت میں تبدیل کر دیا ہے اور نریندر مودی آر ایس ایس کا آف شوٹ ہے ، بھارت سیکولر ازم سے مذہبی تشدد پسند اورانتہا پسند ملک بن گیا ہے ۔

جب سمجھوتہ ایکسپریس کو جلایا گیا تو میں نے اس وقت بھی کہا تھاکہ یہ دہشتگردی ہے ۔ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے کشمیر کی تحریک جاری رہے گی اور پاکستانی قوم کشمیریوں کی جدوجہد میںان کے ساتھ ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت سے کہا ہے کہ ہم تفتیش کے لئے تیار ہیں اور اگر کوئی معلومات ہیں تو شیئر کریں ، وزیر اعظم عمران خان نے تینوں افواج کو اختیار دیدیا ہے کہ اگر دھرتی پر حملہ ہو تو منہ توڑ جواب دیا جائے اور دشمن کو نیست و نابود کر دیاجائے ۔

میں ایک بار پھر ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ اگر پاکستان پر حملہ کیا گیا تو بھارت میں برلا جی کے مندر میں گھنٹیاں بجیں گی ،نہ چڑیاں چہکیں گی اور نہ گھاس اگے گی بلکہ جو بھی قرض ہیں وہ یکمشت اد اکر دیاجائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ و زیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کی تاریخی دوستی ہو چکی ہے ۔ بھارت نے سعودی ولی عہد اور وزیر خارجہ سے پلوامہ واقعے کے تناظر میں پاکستان کے خلاف بیان دلوانے کی کوشش کی جو ناکام رہی ۔

انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ زرداری کہتا ہے میرے خلاف کیس کراچی میں سنیںجبکہ شریف برادران کہتے ہیں ان کا کیس لاہور میں سنا جائے اس کی کوئی نہ کوئی تو وجہ ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی میں میری کوئی مخالفت نہیں، میری عمران خان سے دوستی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ میری پوری پی ٹی آئی سے دوستی ہے ۔ میری بلاول سے صلح ہو چکی ہے ،میں نے سمجھا دیا ہے بیٹا باہر نہیں نکلے گا۔ انہوںنے کہا کہ والدین نے بچوں کو پتا ہی نہیں چلنے دیا کہ ان کے نام پر کتنی حرام کی دولت اکٹھی کی گئی ہے اور اس کیلئے ساری زندہ تباہ کر دی گئی ہے لیکن ان کے آخری پانچ اوور ہیں ۔ چالیس آدمیوں کا جھاڑو پھر ے گا لیکن ایک یا دو مہینے آگے ہو سکتے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات