ایس آر او 237میں فوری ترامیم کی جائے ،اسکی وجہ سے کاروباری شعبے کیلئے بہت مسائل پیدا ہورہے ہیں‘لاہور چیمبر کا مطالبہ

ہفتہ 23 فروری 2019 15:37

ایس آر او 237میں فوری ترامیم کی جائے ،اسکی وجہ سے کاروباری شعبے کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس آر او 237میں فوری ترامیم کا حکم صادر کریں کیونکہ اس کی وجہ سے کاروباری شعبے کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ یہ مطالبہ ایف ایم سی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات میں کیا۔

وفد کی سربراہی عرفان اقبال شیخ کررہے تھے جبکہ معین وحید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے ایس آر او پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹرز کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ درآمدی مصنوعات پر اردو لیبلنگ بھی کریں جبکہ انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیرملکی حلال اتھارٹیز سے سرٹیفیکیشن بھی کرائیں جو فی الحال ممکن نہیں، اس سے کاروباری لاگت میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ کاروباری شعبے کی ساکھ بھی خراب ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف ایم سی جی روزانہ آٹھ ارب روپے کے محاصل اور لاکھوں افراد کو روزگار دے رہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ جو اشیاء پہلے ہی درآمد ہوچکی ہیں ان پر سٹکر لگانے کی اجازت دی جائے اور امپورٹرز کو ضروریات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے کم از کم دو سال کا وقت دیا جائے۔