پلوامہ حملے کو بہتر انداز سے دیکھنے کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ انسانی حقوق ہائی کمشنر کو خط

بھارتی حکومت اس سانحہ کو انتخابات میں سیاسی فائدہ کے لیے استعمال کر رہی ہے، شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے فوراً روکے، خط میں مطالبہ

ہفتہ 23 فروری 2019 16:16

پلوامہ حملے کو بہتر انداز سے دیکھنے کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ کا اقوام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ انسانی حقوق ہائی کمشنر کے نام خط لکھا ہے جس میں خط میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے یہ خط لکھ رہا ہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ حملے کو بہتر انداز سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارتی حکومت نے بغیر تحقیقات کے پاکستان پر الزام عائد کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ایسی سوچ اس بات کی عکاس ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ شاہ محمود نے کہاکہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ شاہ محمود نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی تنازع ہے اور بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ شاہ محمود نے کہاکہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب مسئلہ ہے۔ شاہ محمود نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق توجہ طلب ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ایک لاکھ سے زائد کشمیری اس جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ کشمیریوں کو بھارتی افواج کی طرف سے مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر میں شاید ہی کوئی ایسا ہو جس نے اپنا پیارا اس جدوجہد میں قربان نہ کیا ہو۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ 70 ہزار سے زائد بھارتی افواج کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ حملہ بھارت نے خود کرایا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پلوامہ حملے میں جو کشمیری جوان ملوث تھا وہ بھارت کی حراست میں تھا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پلوامہ حملے کے بعد کشمیر اور بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید دگرگوں ہو گئی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ کشمیریوں کے خلاف شوٹ ٹو کل کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کی سیاسی مزاکرات کی پیشکش سے انکار کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت اس سانحہ کو انتخابات میں سیاسی فائدہ کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ شاہ محمود نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے فوراً روکے۔