لڑکے نے موبائل فون دینے سے انکار پر منگیتر کو قتل کر دیا

ملزم نے 16 سالہ منگیتر کےوحشیانہ طریقے سے ہونٹ کاٹ دئیے، سینے اور پیٹ میں چاقو سے پے در پے وار بھی کیے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 23 فروری 2019 16:33

لڑکے نے موبائل فون دینے سے انکار پر منگیتر کو قتل کر دیا
خانیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2019ء) : پنجاب کے ضلع خانیوال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں منگیتر نے بے رحمانہ طریقے سے چھری کے وار کر کے لڑکی کو قتل کر دیا لیکن پولیس نے اس واقعہ کو غیرت کے نام پر قتل قرار دے دیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خانیوال کی تحصیل کبیروالہ میں پیش آیا جہاں ملزم نے اپنی 16 سالہ منگیتر کے کمرے میں داخل ہو کر اس کا موبائل فون مانگا تاہم لڑکی نے فون دینے سے انکار کر دیا۔

لڑکی کی جانب سے موبائل فون دینے سے انکار پر ملزم نے موبائل فون ڈھونڈنا شروع کر دیا لیکن موبائل فون نہ ملنے پر اس نے صرف وحشیانہ طریقے سے لڑکی کے ہونٹ کاٹ دئیے بلکہ اس کے سینے اور پیٹ میں چاقو سے پے در پے وار بھی کیے۔ملزم اور مقتولہ پڑوسی ہیں اور جب ملزم فرار ہو رہا تھا تو گھر کے باہر موجود اس کا بھائی اپنی ہونے والی بھابھی کی چیخ پکار سن کر چوکس ہو گیا۔

(جاری ہے)

لڑکے نے اپنے بھائی کے ہاتھ میں چھری دیکھی تو وہ اس کی جانب بڑھا لیکن ملزم نے پکڑے جانےکے خوف سے اپنے بھائی پر بھی چھریوں سے وار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے بھائی کو علاج کے لیے منتقل کر دیا گیا۔جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت لڑکی کے والد کی مدعیت میں کبیر والا کے صدر تھانے میں مقدمہ درج کر لیا۔

جب کہ لڑکی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے کبیر والا کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم تا حال گرفتار نہیں ہو سکا۔ڈی ایس پی کبیر والا مہر وسیم کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد ہی حراست میں لے لیا جائے گا۔واضح رہے مذکورہ واقعہ میں لڑکی کی عمر صرف 16 برس تھی۔