کسی بھی جامعہ وتعلیمی ادارے کا معیار اس کے فارغ التحصیل طلباء سے پہچانا جاتا ہے،ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ

ہفتہ 23 فروری 2019 17:29

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ نے کہاہے کہ کسی بھی جامعہ وتعلیمی ادارے کا معیار اس کے فارغ التحصیل طلباء سے پہچانا جاتا ہے ، خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرکے بڑی تعداد میں انجینئرز تیارکی ہے ۔

اور یہ سلسلہ آئندہ مذیدآگے بڑھے گا اور یہ تعلیمی ادارہ اسی طرح انجینئرز کے لئے مرکز ثابت ہوگااعلیٰ تعلیم سے آراستہ نئی نسل کا تیار کرنانہ صرف صوبہ بلکہ پورے ملک کی ضرورت ہے ، ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے فارغ التحصیل طلباء کی رجسٹریشن آغاز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑنے اس موقع پرایم پی اے انجینئر میر محمد یونس عزیز زہری کو پہلا رجسٹریشن فارم دے کر اس کی ابتداء کی گئی ۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی تعمیر و ترقی میں اس کے فارغ التحصیل طلباء کا اہم کردار ہوتا ہے ، جو اپنے ادارے کے لئے سفارت کا کردار ادا کرکے سفیر بن جاتے ہیں ۔فارغ التحصیل طلباء کو اپنے مادر علمی کے تعارف اور تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ، جس تعلیمی ادارے کی وجہ سے جو طالب علم تعلیم کی زیور سے آراستہ ہو ا اور معماربن کر اپنی عملی میں زندگی کا آغاز کیا اس طالب علم پر اپنے تعلیمی ادارے کا قرض ضروررہتا ہے جس کا نبہانا لازم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار سے فارغ ہونے والے انجینئرز بڑی تعداد میں ملک اور بیرونی ملک اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،ہزاروں کی تعداد میں انجینئرز کا جامعہ خضدار سے فارغ ہونا اور تعمیری کردار ادا کرنا اعزاز کی بات ہے ۔ رکن بلوچستان اسمبلی انجینئر میر یونس عزیز زہری نے بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار معروف تعلیمی ادارہ اور بلوچستان کی پہچان ہے ، جس سے مجھ سمیت ہزاروں انجینئرز نے تعلیم حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔

یہ ادارہ اعلیٰ اور تیکنیکی تعلیم کے لئے اہم مرکز ہے جس کے لئے ہم سب کو محنت کرکے اس کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ۔ موجودہ وائس چانسلر خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں جو نہ صرف جامعہ ہذا میں ڈیپارٹمنٹس کے اضافے بلکہ حب کیمپس کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

انشاء اللہ انہیں اپنے نیک عزائم و کوششوں میں کامیابی ملے گی ۔ ہمیں بلوچستان اسمبلی نے سینڈیکیٹ کا نمائند ہ خضدار جامعہ کے لئے منتخب کیا ہے ہم بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر کے ساتھ ملکر جامعہ ہذا کی تعمیر و ترقی کے لئے آگے بڑھیں گے ۔انہوںنے کہاکہ فارغ التحصیل طلباء کی رجسٹریشن کا جو آغاز کردیا گیا ہے وہ خوش آئندہ ہے ۔