سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر باپ نے 6 سالہ بیٹی کو قتل کردیا

مسکان والد کا لایا ہوا کیک نہیں کھا رہی تھی، جس پر اس کا والد غصے سے اندھا ہوگیا اور بچی کو تششدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا،ذرائع

ہفتہ 23 فروری 2019 18:16

سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر باپ نے 6 سالہ بیٹی کو قتل کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) شہر قائد میں بے رحم باپ نے سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر چھ سال کی بیٹی کو تشدد کرکے قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوس نا ک واقعہ شہرِ قائد کے علاقے کورنگی میں پیش آیا، جہاں چھ سالہ بچی مسکان اپنے ہی باپ کے ہاتھوں تشدد سے دم توڑگئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان ٹاون تھانہ پولیس نے بچی کے قتل کا مقدمہ اس کے والد عبد الحکیم کے خلاف بچی کی والدہ کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی والدہ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ مسکان کی سالگرہ تھی اور وہ اپنے والد کا لایا ہوا کیک نہیں کھا رہی تھی، جس پر اس کا والد غصے سے اندھا ہوگیا اور بچی کو تشش کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

(جاری ہے)

کمسن بچی تشدد برداشت نہ کرسکی اور موت کی آغوش میں چلی گئی ، واقعے کے بعد ملزم اپنے گھر سے فرار ہوگیا۔ پولیس اس کی تلاش کررہی ہے۔

یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ملزم عبدالحکیم نشے کا عادی ہے اور جرائم میں بھی ملوث رہا ہے۔ اس سے قبل بھی وہ ایک بار جیل جا چکا ہے۔ ملزم کی اپنی بیوی سے اکثر و بیشتر لڑائی ہوا کرتی تھی۔یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں پیش آیا تھا جب کراچی کے علاقے کلفٹن میں اپنی پھول جیسی کمسن ڈھائی سالہ بیٹی انعم کو سمندر میں ڈبو کرقتل کرنے کے بعد ماں نے خود بھی خودکشی کی کوشش کی تھی ، تاہم موقع پر موجود لوگوں نے اسے ڈوبتا دیکھ کر بچا لیا تھا۔ ملزمہ کے اہل ِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔