خرم نواز گنڈا پور جنوبی پنجاب کے دو روزہ تنظیمی دورے پر روانہ

بہاولپور،لیاقت آباد ،رحیم یار خان میں قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقاریب رونمائی میں شرکت کرینگے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن جنوبی پنجاب کے صوبائی،ضلعی،تحصیلی تنظیمی عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کرینگے

ہفتہ 23 فروری 2019 18:59

خرم نواز گنڈا پور جنوبی پنجاب کے دو روزہ تنظیمی دورے پر روانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور 23فروری سے 25فروری تک جنوبی پنجاب کے دو روزہ مصروف ترین تنظیمی دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔خرم نواز گنڈا پور اپنے دورے کے دوران بورے والا،بہاولپور،لیاقت آباد ،رحیم یار خان میں منہاج القرآن کی تنظیمات کی جانب سے منعقد کی جانیوالی قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقاریب رونمائی میں شر کت کرینگے ۔

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 68ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد کی جانیوالی ان تقاریب میں اہم سیاسی،سماجی،علمی،مذہبی شخصیات ڈاکٹر طاہر القادری کی فروغ علم و امن کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرینگے۔خرم نواز گنڈا پور 25فروری کو لاہور واپس پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

خرم نوازگنڈا پور کے جنوبی پنجاب کے دو روزہ دورے میں منہاج القرآن اور پی اے ٹی کے صوبائی عہدیداران بھی انکے ہمراہ ہیں۔

خرم نواز گنڈاپور اپنے دورے میں منہاج القرآن کی تنظیم سازی،تربیتی و فلاحی پروگرامز کا جائزہ لیں گے اور عہدیداران سے مشاورت بھی کرینگے۔ناظم اعلیٰ منہاج القرآن دو روزہ تنظیمی دورے میں تحریک منہاج القرآن،منہاج القرآن علماء کونسل،یوتھ لیگ،ویمن لیگ،لائرز ونگ،عوامی تاجر اتحاد،مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی،ضلعی،تحصیلی تنظیمی عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔

ان ملاقاتوں اور مشاورت سے کارکنوں کو نیا ولولہ اور جذبہ ملے گا۔خرم نواز گنڈاپوراپنے تنظیمی دوروں کے دوسرے مرحلے میں 26فروری سی28فروری تک خیبر پختونخواہ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہونگے،پشاور،کوہاٹ،نوشہرہ میں قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی تقاریب رونمائی میں شرکت اور تنظیمی عہدیداران سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔