جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں صرف انسانیت کی تذلیل ہوگی، شہر یار آفریدی

قبائل کے غیور عوام جنگوں سے متاثر ہوئے، پاکستان امن کا داعی ہے، خدا کیلئے پاکستان کو جنگ میں نہ دھکیلا جائے، وزیر مملکت

ہفتہ 23 فروری 2019 19:33

جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں صرف انسانیت کی تذلیل ہوگی، شہر یار آفریدی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں صرف انسانیت کی تذلیل ہوگی،قبائل کے غیور عوام جنگوں سے متاثر ہوئے، پاکستان امن کا داعی ہے، خدا کے لئے پاکستان کو جنگ میں نہ دھکیلا جائے۔ ہفتہ کو یہاں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ہمیں کوئی یہ نہ بتائے کہ جنگ کیا ہوتی ہے، جنگوں سے کچھ نہیں ملا ، جنگ سے کسی کا فائدہ نہیں صرف انسانیت کی تذلیل ہوگی ، قبائل کے غیور عوام جنگوں سے متاثر ہوئے، پاکستان امن کا داعی ہے، خدا کیلئے پاکستان کو جنگ میں نہ دھکیلا جائے، بھارت الزام لگانا چھوڑ دے اور بات کرے۔

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، وزیر اعظم نے صاف کہہ دیا کہ بھارت الزام لگارہا ہے تو ثبوت بھی پیش کرے۔

(جاری ہے)

شہریار آفریدی نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ آج جو اقتدار میں ہیں تو ان کے بچے بھی مستقبل میں بر سر اقتدار ہوں، آج کے دور میں تعلیم صرف پیسے کمانے کیلئے حاصل کی جاتی ہے، آج کا نظام خود کماؤ اور دوسرے کو ذلیل کرنا ہے، جب انسان اپنی بنیاد سے ہٹ جاتا ہے تو اپنا مقام کھو دیتا ہے، ہمیں انسانیت کو عزت دینی ہے۔ ملک کی معاشی صورت حال بہتر ہورہی ہے اور سیاحت کو فروغ ملا ہے، پہلے حکمران ذاتی مفاد کو ملکی مفاد سے آگے رکھتے تھے، اب ملک میں حکمران اور عوام سب جوابدہ ہیں۔