پاکستان ایٹمی طاقت ،فکر کی کوئی بات نہیں اسحاق ڈار

بھارت سے کشیدگی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں،سابق وزیر خزانہ ہمیشہ الیکشن کے قریب ایسے واقعات کیوں ہوتے ہیں،سیاسی پنڈت بھارتی عوام کو جواب دیں،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 23 فروری 2019 21:09

پاکستان ایٹمی طاقت ،فکر کی کوئی بات نہیں اسحاق ڈار
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2019ء) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے عوام کو فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ،بھارت نے غلطی کی تو اس کا خمیازہ بھگتے گا ،بھارت کشیدگی کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں ۔

(جاری ہے)

لندن میں صحافیوں سے مختصر سوالوں کے جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے ،پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور مسلح افواج نے جانوں نے نذرانے پیش کر کے اپنی سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے کہ جب بھی بھارت میں کوئی گولی چلتی ہے تو اس کا الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے ،خطے کے قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے ،دونوں ملکوں کو مذاکرات کی میز پر کشمیر کے مسئلے کو حل کرنا چاہیے جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا تب تک ایسے واقعات ہوتے رہیں گے اور دونوں ملکوں کو موجودہ صورت حال کا سامنا رہے گا ،انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہمیشہ الیکشن کے قریب ایسے واقعات کیوں ہوتے ہیں یہ ایک بہت بڑا سوال ہے جس کا مودی اور دیگر بھارتی سیاسی جماعتوں کو بھارتی عوام کو جواب دینا پڑے گا۔