عالمی برادری اور ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری رہنمائوں کی گرفتاریوں سے روکے ‘ جماعت اسلامی

او آئی سی کا اجلاس بلا کر مسلم ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے اور کشمیرمیں ہونیوالے ظلم کو روکنے کا مطالبہ کیا جائے‘ سراج الحق

ہفتہ 23 فروری 2019 22:15

عالمی برادری اور ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی کی قیادت کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سے مطالبہ کیاہے کہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری رہنمائوں کی گرفتاریوں سے روکا جائے ، بھارت کشمیریوں کو ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنارہاہے ،بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے کشمیرمیں انسانیت سوز مظالم کو معمول بنا رکھاہے ، بھارت آزادی کی تحریک کو دبانے کے لیے کشمیریوں کا قتل عام کر رہاہے اور حریت قیادت کو جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند کر کے انہیں آزادی کے مطالبے سے روکا جا رہاہے ۔

اپنے بیان میں سینیٹر سراج الحق نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے گرفتار رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت خواتین اور معصوم بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنا رہاہے اور بھارتی فوج گھروں میں گھس کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پوری کشمیری قوم بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی اور گزشتہ اٹھائیس سا ل سے آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے اور جان و مال ، عزت و آبرو کی قربانیاں دے رہی ہے ۔

بھارت ان کی تحریک آزادی کو دہشتگردی کے ساتھ جوڑنا چاہتا ہے حالانکہ یہ خالص کشمیریوں کی تحریک آزادی ہے ۔ کشمیر میں ہونے والے واقعات پر بھارت پاکستان کے خلاف بغیر تحقیق کے الزامات لگا دیتاہے جس کا اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہوتا۔سینیٹر سراج الحق نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلا کر مسلم ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے اور کشمیرمیں ہونے والے ظلم کو روکنے کا مشترکہ مطالبہ کیا جائے ۔