نواز شریف نے حکومت میں رہ کر سویلین بالادستی کیلئے کام نہیں کیا، چوہدری نثار

اپوزیشن میں رہ کر سویلین بالادستی چاہتے ہیں ، کلبھوشن کیس میں نواز شریف کے بیان کو بطور ثبوت فراہم کرنے پر خوش نہیں ہوں،سابق وزیر داخلہ میاں صاحب کو کہتا رہا آپ کے بھارت کے ساتھ امن کے حوالے سے بیانات بھلے نیک نیتی پہ مبنی ہوں لیکن یہ پاکستا ن کے خلاف استعمال ہوں گے، آج وہی ہوا اور یہ ثابت ہوا ، گفتگو

ہفتہ 23 فروری 2019 23:00

نواز شریف نے حکومت میں رہ کر سویلین بالادستی کیلئے کام نہیں کیا، چوہدری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2019ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما چوہدری نثار نے الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف صرف اپوزیشن میں ہوتے ہوئے سویلین بالا دستی کی بات کرتے ہیں۔، بھارت کی طرف سے کلبھوشن کیس میں نواز شریف کے بیان کو بطور ثبوت پیش کرنے پر خوش نہیں ہوں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کہتا رہا کہ آپ کے بھارت کے ساتھ امن کے حوالے سے بیانات بھلے نیک نیتی پہ مبنی ہوں لیکن یہ پاکستا ن کے خلاف استعمال ہوں گے، آج وہی ہوا اور یہ ثابت ہوا کہ مودی نا نواز شریف کا دوست تھا اور نا پاکستان کا دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف اپوزیشن میں ہوتے ہوئے سویلین بالا دستی چاہتے ہیں لیکن جب وہ اقتدار میں ہوتے ہیں تو سویلین بالا دستی کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھاتے۔خیال رہے کہ پاناما کیس کا معاملہ سپریم کورٹ لے جانے پر چوہدری نثار کے نواز شریف سے اختلافات شروع ہوئے تھے جو بڑھتے بڑھتے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی اور پھر ناراضگی تک پہنچ گئے۔اسی ناراضگی کے باعث مسلم لیگ ن نے گزشتہ برس ہونے والے عام انتخابات میں چوہدری نثار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا اور چوہدری نثار نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑے۔