Live Updates

میرا سچا پیار بھی عمران خان کو سدھار نہیں سکا،ریحام خان

میں انکے دوست نوجوت سنگھ سدھو سے درخواست کروں گی کہ وہ کوئی جادو کی جپھی ڈالیں ہو سکتا ہے کہ عمران خان ٹھیک ہوجائیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 23 فروری 2019 21:54

میرا سچا پیار بھی عمران خان کو سدھار نہیں سکا،ریحام خان
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 فروری2019ء) ریحام خان نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا سچا پیار بھی عمران خان کو سدھار نہیں سکا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے ایک بار پھر بھارتی میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا عمران خان سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے میں صرف انکو یہی کہتی رہی کہ یہ لوگ جو آپ کے ارد گرد ہیں یہ آپکو ٹھیک طریقے سے گائیڈ لائن نہیں دے رہے لیکن مجھے افسوس ہے کہ میرا سچا پیار عمران خان کو سدھار نہیں سکا میں انکے دوست نوجوت سنگھ سدھو سے درخواست کروں گی کہ وہ کوئی جادو کی جپھی ڈالیں ہو سکتا ہے کہ عمران خان ٹھیک ہوجائیں ۔

واضح ہو کہ اس سے پہلے بھی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کی گئی تقریر پر ریحام خان نے خاصے متنازعہ بیانات بھی دئیے۔

(جاری ہے)

ریحام خان نے بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کے خلاف انتہائی زہریلا پراپیگنڈا شروع کر دیا۔وہ بھارتی میڈیا کو حالیہ منظر نامے پر انٹرویو دے رہی تھیں۔انکا کہنا تھا کہ میں اگر وزیر اعظم عمران خان کی جگہ ہوتی یا خدانخواستہ میں اسٹیبلشمنٹ کی جگہ پر ہوتی تو جس گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے اس کے ساتھ ہر قسم کا بائیکاٹ کر دیتی لیکن ہمارے ہاں ایسے گروہوں کے ساتھ ذاتی تعلقات رکھے جاتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھے اس بات پر گالیاں دی جائیں گی اور ٹرول کیا جائے گا لیکن میں سیاستدان نہیں ہوں ،میں کشمیریوں پر ہونے والی ہر قسم کی زیادتی کے خلاف ہوں۔
اس موقع پر بھارتی میزبان کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیر اعظم کی تقریر کا تکنیکی جائزہ لیا ہے اس میں 23 ایڈٹ کٹ ہیں اور واضح جمپ آ رہا ہے۔ تو عمران خان جیسے شخص کو جن کی زبان میں اتنی روانی ہے اور ہم انکو جانتے ہیں کہ وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں اور روانی سے کہہ سکتے ہیں تو کیا آپ کو لگتا ہے یہ ویڈیو نشر کرنے سے پہلے راولپنڈی میں موجود جرنیلوں نے دیکھی ہے اور اسے ایڈٹ کروایا ہے۔

اس پر ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں تو حیران ہوں کہ عمران خان نے یہ سارے نکات کیسے یاد رکھے کیونکہ انکی یاداشت کے مسائل ہیں۔ریحام خان نے بھارتی اینکر سے متفق ہوتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو نشر کرنے سے پہلے راولپنڈی میں موجود جرنیلوں نے دیکھی ہے اور اسے ایڈٹ کروایا گیا ہے۔انکا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک اسکرپٹڈ تقریر تھی کیونکہ یہ عمران خان کی زبان نہیں ہے یہ ایک ٹیکسٹ بک تقریر تھی جو انہوں نے کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات