پی ایس ایل 4،دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو7 وکٹوں سے ہرا دیا

لیوک رونکی اور سمت پٹیل کی عمدہ بلے بازی

muhammad ali محمد علی اتوار 24 فروری 2019 00:00

پی ایس ایل 4،دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو7 وکٹوں ..
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23فروری 2019ء) پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 13ویں میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو7 وکٹوں سے ہرا دیا ۔کراچی کنگز کی جانب سے دیئے گئے144رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلا م آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کیمرون ڈیلپورٹ اور لیوک رونکی نے اننگز کا آغاز کیا تاہم ڈیلپورٹ بغیرکوئی رن بنائے رن آﺅٹ ہوگئے،صاحبزادہ فرحان اور لیوک رونکی نے دوسری وکٹ کے لیے80رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد فرحان 30رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوئے جنہوں نے اگلی ہی گیند پر حسین طلعت کو بھی سٹمپ آﺅٹ کروایا،سمت پٹیل اور رونکی نے 62رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو جیت دلائی ،کراچی کے لیے عماد وسیم نے دو وکٹیں لیں۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈنے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، کراچی کنگز کے لیے بابر اعظم اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا تاہم منرو بغیر کوئی رن بنائے رومان رئیس کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے ،لیگ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اویس ضیاء3رنز بنا کر محمد موسی کی گیند پر پوویلین لوٹے ، کولن منرو بھی محض5رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آﺅٹ ہوئے،بابر اعظم اچھی فارم میں نظر آرہے تھے تاہم27رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،لیام لیونگ سٹون صرف 22رنز بنا کر فہیم اشرف کا دوسرا شکار بنے،کپتان عماد اعظم بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹ گئے،عامر یامین اور بین ڈنک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ کے لیے 69رنز جوڑے ،ڈنک 49اور عامریامین 35رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باﺅلر رہے جب کہ رومان رئیس اور محمد موسیٰ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی قیادت شاداب خان انجام دے رہے ہیں، فاسٹ باﺅلر محمد سمیع آرام کی غرض سے ٹیم کا حصہ نہیںہیں، کراچی کنگز کی قیادت کے فرائض عماد وسیم انجام دے رہے ہیں۔کراچی کنگز کی ٹیم میں نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بلے باز کولن منرو کو شامل کرلیا گیا ہے۔