سینٹ اجلاس، سینیٹر کہدا بابر کے اعتراض پر رضا ربانی اس وقت ناراض ہو کر ایوان سے باہر چلے گئے، تقریر سے انکار

پیپلزپارٹی کے سینیٹر ز کا کھڑے ہو کر احتجاج

پیر 25 فروری 2019 20:34

سینٹ اجلاس،  سینیٹر کہدا بابر کے اعتراض پر رضا ربانی اس وقت ناراض ہو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 فروری2019ء) سینٹ کے سابق چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے موجودہ سینیٹر رضا ربانی اس وقت ناراض ہو کر ایوان سے باہر چلے گئے اور تقریر کرنے سے انکار کردیا۔ جب حکومتی نشستوں پر بیٹھے سینیٹر کہدا بابر نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی طرف سے سینیٹر رضا ربانی کو تقریر کیلئے مائیک دینے پر اعتراض کردیا۔

سینیٹر کہدا بابر نے کہا کہ چیئرمین صاحب آپ نے سینٹ میںپارلیمانی لیڈروں کو پہلے تقریر کیلئے وقت دینے کا کہا ہے لیکن سینیٹر رضا ربانی جو کہ پارلیمانی لیڈر نہیں انہیں کیوں پہلے وقت دیا جارہا ہے۔ اگر ایسا ہے تو مجھے بھی پہلے وقت دیا جائے جس پر سینیٹر رضا ربانی ناراض ہو کر بیٹھ گئے اور چیئرمین سینٹ کے بار بارکہنے کے باوجود تقریر پر آمادہ نہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس پر چیئرمین سینٹ نے سینٹر کہدہ بابر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رضا ربانی نہ صرف بہت سینئر ہیں بلکہ سینٹ کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ اسی اثنا رضا ربانی ایوان سے اٹھ کر چلے گئے جبکہ پیپلزپارٹی کے سینیٹر حضرات نے سینٹر کہدہ بابر کے اس رویہ پر کھڑے ہو کر احتجاج شروع کردیا۔ حالات کو معمول پر لانے کیلئے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سینیٹر کہدہ بابر نے معذرت کرلی ہے لیکن ایک بار پھر سینیٹر کہدہ بابر کھڑے ہوگئے اور کہا کہ میں نے معذرت نہیںکی۔ لیکن میں ان کو منانے کیلئے چلا جاتا ہوں اور وہ سینیٹر رضا ربانی کو منا کر لے آئے جنہوں نے بعد میں تقریر بھی کی۔