غیر ملکی نمائندوں کی آٹا چیکنگ کی آڑ میں فلور ملز میں مداخلت قبول نہیں‘حبیب الرحمن لغاری

اگر محکمہ خوراک پنجاب کے پاس آٹے کے معیار کو چیک کرنے کے آلات اور صلاحیت یا اہلیت نہیں تو اسے بند کر دیا جائے‘عاصم رضا کسی بھی غیر ملکی ادارے کوفلور ملنگ انڈسٹری کے مسائل میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘میاں ریاض ،افتخار مٹوو لیاقت علی خان

منگل 26 فروری 2019 17:31

غیر ملکی نمائندوں کی آٹا چیکنگ کی آڑ میں فلور ملز میں مداخلت قبول ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2019ء) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن (پنجاب) کے چیئرمین حبیب الرحمن خان لغاری، گروپ لیڈر عاصم رضا احمد ، لیاقت علی خان ، میاں ریاض احمد اور چوہدری افتخار مٹو نے کہاہے کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب میں غیر ملکی اداروں کے نمائندوں کو آٹے کی چیکنگ کیلئے فلور ملوں میں بیٹھنے اور مداخلت کی ہرگز اجازت نہیں دے گی ۔

اگر محکمہ خوراک پنجاب کے پاس آٹے کے معیار کو چیک کرنے کے آلات اور صلاحیت یا اہلیت نہیں ہے تو پھر حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ محکمہ خوراک پنجاب کو بند کر دیا جائے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔ حبیب الرحمن خان لغاری نے کہاکہ جب محکمہ خوراک پنجاب موجود ہے اور اسی محکمے کے ذریعے گندم خرید کر آٹاتیار کیا جاتا ہے اگر اس گندم کی کوالٹی اچھی ہوگی تو اس سے یقینا اچھی کوالٹی کا آٹا تیا ر ہوگا۔

(جاری ہے)

اگر گندم کی کوالٹی پر حکومت کو کوئی تحفظات ہیں تو پہلے گندم کی کوالٹی کو کنٹرول یا مانیٹر کیا جائے تا کہ اس سے اچھی کوالٹی کا آٹا تیا ر کیا جا سکے ۔گروپ لیڈر عاصم رضا نے کہا کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن فلور ملوں میں چیکنگ کے نام پرغیر ملکی نمائندوں کو بیٹھانے کافیصلہ مسترد کرتی ہے کیونکہ ایسا کرنے سے پاکستان فلور ملنگ انڈسٹری کیلئے مسائل بڑھیں گے کیونکہ محکمہ خوراک پنجاب کے پاس گندم اور آٹے کی کوالٹی کو چیک کرنے کے آلات موجود ہیں ،لہذا غیرملکی اداروں سے ماہرین کو بلا کر انکے نمائندوں کے ذریعے مزید کیا دیکھنا ہے ۔

لیاقت علی خان ، میاں ریاض احمد اور چوہدری افتخار مٹو نے کہا کہ ہم کسی بھی غیر ملکی ادارے کوفلور ملنگ انڈسٹری کے مسائل میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ غیر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پہلے ہی 60 فیصد فلو رملیں بند پڑیں ہیں ۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے موجودہ حالات کے پیش نظر سینٹرل باڈی کا ہنگامی اجلاس آج کراچی میں طلب کر لیا ہے جس میںہم آئندہ کیلئے اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔