Live Updates

''بھارت سے اچھی خبر ملے گی'' کے بیان پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو تنقید کا سامنا

رمیش کمار کے بیان کی کوئی حقیقت نہیں تھی ، انہیں طلب کر کے ان کے بیان کی حقیقت معلوم کی جانی چاہئیے۔ سوشل میڈیا صارفین کا مطالبہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 فروری 2019 12:15

''بھارت سے اچھی خبر ملے گی'' کے بیان پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 فروری 2019ء) : پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رمیش کُمار نے حال ہی میں بھارت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقاتیں کیں۔ رمیش کُمار نے بیان دیا کہ میں نے دورہ بھارت کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا پیغام دیا ، اور اب نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کے لیے مثبت پیغام ہی آئے گا۔

لیکن درحقیقت اس کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے مابین حالات مزید کشیدہ ہو گئے جس پر اب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کُمار کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان سے پوچھا جا رہا ہے کہ انہوں نے بھارت سے جو ''اچھی خبر'' آنے کا بیان دیا تھا اُس کی وضاحت بھی کر دیں کہ آخر وہ اچھی خبر پاکستان کے لیے تھی یا بھارت کے لیے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ رمیش کمار کا یہ بیان خود ساختہ تھا جو انہوں نے محض پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور وزیراعظم عمران خان کو خوش کرنے کے لئے دیا تھا جبکہ دراصل ان کے اس بیان میں کوئی حقیقت نہیں تھی۔ یاد رہے کہ رمیش کمار ہندوؤں کے ایک میلے میں شرکت کرنے کے لئے بھارت گئے تھے جبکہ واپسی پر انہوں نے اپنے سیاسی بیان میں یہ دعویٰ کیا کہ ان کی وزیراعظم مودی سے بڑے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پاکستانی حکومت کی طرف سے ایک مثبت نوٹ ان کے حوالے کیا۔

سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ ر میش کمار کو طلب کر کے ان کے بیان کی اصل حقیقت معلوم کریں۔ رمیش کمار کے مذکورہ بیان پر مسلم لیگ ن کی قیادت نے بھی اظہار تشویش کیا تھا ۔اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ رمیش کمار کے خوشخبری والے بیان کی حقیقت آج ساری قوم کے سامنے آ گئی ہے ۔ سوشل میڈیا پر رمیش کمار کو سخت تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے ساتھ ساتھ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ فوری طور پر رمیش کمار کو طلب کر کے ان سے ان کے بیان کی حقیقت معلوم کی جانی چاہئیے اور یہ بھی کہ مذہبی میلے میں شرکت کے لیے گئے رمیش کمار نے کس حیثیت سے بھارت میں بھارتی وزیر ا عظم اور بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کر کے انہیں وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات