کینہ پرور بی سی سی آئی کی پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی مذموم کوشش ناکام

’انٹرنیشنل بلیک میلنگ‘کی جزویات تیارکرنے کے بعد ذلت کے ڈر سے آئیڈیا مسترد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 27 فروری 2019 14:43

کینہ پرور بی سی سی آئی کی پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی مذموم کوشش ناکام
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27فروری 2019ء) کینہ پروربھارت کوپی ایس ایل کی کامیابی کھٹکنے لگی ، بی سی سی آئی کی جانب سے غیرملکی سٹارز کو پاکستانی لیگ یا آئی پی ایل میں سے کسی ایک کے انتخاب کا آپشن دینے پر غور کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) مودی سرکار کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ میں تنہا کرنے کے لیے کئی منصوبوں پر غور کررہاہے اور پی سی بی کے خلاف اس کے تمام منصوبے ناکام ہونے کے بعداب بی سی سی آئی نے پاکستان سپر لیگ کو نشانہ بنانا شروع کردیاہے ،مودی سرکار نے پہلے انتہائی گھناﺅنی حرکت کرتے ہوئے پی ایس ایل کے آفیشل براڈ کاسٹرکو معاہدے سے دستبردار ہونے پر مجبور کیا اور پھر غیرملکی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے پیسے کے زور پر پی ایس ایل سے الگ کرنے کا گھٹیا ترین منصوبہ بھی تیار کیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی مقرر کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے ممبران ونود رائے، ڈیان ایڈلجی، لیفٹیننٹ جنرل(ر) روی ٹھوگے اور بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو راہول جوہری کی جانب سے غیرملکی پلیئرز کو یہ آپشن دینے پر بھی غور کیا گیا کہ وہ پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں سے کسی ایک ایونٹ کا انتخاب کرلیں،اس بلیک میلنگ کے ذریعے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ سے دور کرنےکا منصوبہ تقریباً تیار کرلیا گیا تھا لیکن آخری لمحات میں انھیں اس بات کا احساس ہواکہ ان کے اس اقدام سے غیرملکی کرکٹ برادری میں اچھا پیغام نہیں جائیگا ،اسکے بعد بھارتی حکام ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے اس منصوبے سے بھی دستبرداری پر مجبور ہوگئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت نے ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف 16 جون کو شیڈول میچ کے بائیکاٹ کا بھی ذہن بنالیا تھا مگر 2 قیمتی پوائنٹس سے دستبرداری کے خوف سے یہ فیصلہ بھی واپس لے لیا، خفت مٹانے کے لیے ونود رائے نے یہ بیان بھی داغا کہ میچ کے بائیکاٹ سے ہم اپنے پاﺅں میں گولی کیوں ماریں، ہم جنوبی افریقہ کی طرح پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔