Live Updates

بلوچستان اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی

بھارتی حکومت انتخابات جیتنے کیلئے ہر قسم کے ناجائز حربے استعمال کر رہی ہے ،ہمیں اپنی مسلح افواج کی صلاحتیوں پر مکمل اعتماد ہے ،وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اراکین صوبائی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

بدھ 27 فروری 2019 23:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2019ء) بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے بھارت کی جانب سے پاکستان دراندازی اور بزدلانہ حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت اور افواج پاکستان کوبر وقت جوابی کارروائی کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت انتخابات جیتنے کیلئے ہر قسم کے ناجائز حربے استعمال کر رہی ہے لیکن ہمیں اپنی مسلح افواج کی صلاحتیوں پر مکمل اعتماد ہے وطن کی حفاظت کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے صوبائی اسمبلی میں بھارتی جارحیت کیخلاف ایوان میں مشترکہ مذمتی قرار داد منظور کر لی بلوچستان اسمبلی کا خصوصی اجلاس بدھ کے روز ڈپٹی اسپیکر بابر موسیٰ خیل کی صدارت میں 35 تاخیر سے شروع ہوا اجلاس میںصوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ نے مشترکہ مذمتی قرار داد ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے 26فروری2019ء کو رات کی تاریکی میں مظفرآباد سیکٹر میں بھارتی طیاروں کی جانب سے دراندازی اور بزدلانہ حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے مکا ر دشمن ملک کا پرانا وتیرہ ہے بھارتی طیاروں کی سرحدی خلاف ورزی پر پاکستانی شاہینوں نے فوری جوابی کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کردیا ۔

(جاری ہے)

یہ ایوان بروقت جوابی کارروائی کرنے پر افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے ہمیں اپنی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیتوں پر پوراعتماد ہے اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ وطن کی حفاظت کے لئے پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ ایوان کی رائے ہے کہ بھارتی حکومت آئند ہ انتخابات کے لئے ہر قسم کا ناجائز حربہ استعمال کررہی ہے جس کی ایک مثال پلوامہ واقعہ ہے جس کی نہ صرف پاک افواج اور حکومت پاکستان سختی سے تردید کرچکی ہے بلکہ خود بھارتی مقتدر حلقوں کی جانب سے اس واقعے کو بھارتی حکومت کی اپنی کارستانی قرار دیا جارہا ہے ۔

قرار داد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کے ان جارحانہ اقدامات پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کے لئے اس معاملے کو متعلقہ عالمی فورم پر اٹھائے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیاجاسکے ۔قرار داد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے میر جان محمد جمالی نے کہا کہ بھارت نے کوئی پہلی مرتبہ جارحیت کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ بھارت نے شروع دن سے آج تک ہمیں تسلیم نہیں کیا انہیں ڈکار بھی آئے تو الزام پاکستان پر عائد کردیتے ہیں مودی سرکار جنگی جنون میں مبتلا ہوچکی ہے انہوں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے اور عوام کو دھوکہ دینے کے لئے کچھ تو کرنا تھا مگر ہم ان کی یہ خر مستی چلنے نہیں دیں گے ہم متحد ہیں اس وقت پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ہم پاکستانی سب ایک پیج پر ہیں ہم ایٹمی قوت ہیں اگر جنگ ہوئی تو یہ بہت خوفناک جنگ ہوگی انہوں نے ایوان سے مشترکہ مذمتی قرار داد منظور کرنے کی استدعا کی ۔

جے یوآئی کے عبدالواحد صدیقی نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ امن ہر انسان کی خواہش بھی ہے ضرورت بھی ہے مگر بھارت پر جنگی جنون سوار ہے اس وقت پوری دنیا میں خط غربت سے نچلی زندگی گزارنے والے سب سے زیادہ لوگ بھارت میں ہیں مگر بھارت کی حکومت پر جنگی جنون سوار ہے اس جنگ سے نہ صرف برصغیر پاک و ہند بلکہ پورا خطہ متاثرہوگا ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم بحیثیت قوم اس وقت متحد و منظم ہیں 22کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم خون کے آخری قطرے تک اپنے وطن کا دفاع کریں گے ۔

جے یوآئی کے اقلیتی رکن شام لعل نے بھارت کے جارحانہ اقدامات کی مذمت اور قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات قابل مذمت ہیں پاک فوج نے جو جواب دیا ہے وہ قابل تحسین ہے انہوںنے کہا کہ اقلیتی برادری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اگر اس نے غلطی کی تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی ۔

عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ یہ ہندوستان عوام کی بدقسمتی ہے کہ انہیں ایک ایسا ناعاقبت اندیش لیڈر ملا ہے جو اپنی انتخابی شکست سے بچنے کے لئے دوقوموں کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے ۔ بھارت اپنے پائوں پرخود کلہاڑی مار رہا ہے انڈیا کی ہٹ دھرمی انڈیا کی تباہی کا باعث ہوگی انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلطی میں نہ رہے یہ 1965ہے اور نہ ہی 1971ء یا 1948ء ، بھارت بحیثیت ملک اس پورے خطے کو عدم استحکام اور تباہی کی جانب لیجانا چاہتا ہے جس کا عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہئے۔

رکن صوبائی اسمبلی سید احسان شاہ نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے کو جواز بنا کر بی جے پی کی حکومت الیکشن جیتنے کے لئے جو کچھ کررہی ہے اس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے اس وقت دنیا میں7ارب انسان رہتے ہیں جن میں پونے 2ارب لوگ برصغیر میں رہتے ہیں بھارت کے عوام کو ہم کہتے ہیں کہ آپ لوگ اس حکمران سے جان چھڑائیں اور اسے ہٹا کر ایسے باشعور اور عقل مند شخص کو حکومت سونپی جائے جو برصغیر کے پونے 2ارب انسانوں کا خیال رکھے انہوں نے کہا کہ مودی کو لوگ گجرات کے قصائی کے نام سے جانتے ہیں گجرات کے قصائی کو یہ حق نہیں دیا جاسکتا کہ وہ اس خطے کے لوگوں کا وہ حال جو اس نے گجرات کے مسلمانوں کا کیا انہوں نے اپنی جماعت پاکستان نیشنل پارٹی کی جانب سے بھارت سے لڑنے کے لئے پانچ ہزار رضا کار اور دو سو گاڑیاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے اپنے دو بیٹے بھی ان پانچ سو رضاکاروں میں شامل ہوں گے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے مبین خان خلجی نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم سب ایک ہیں اور ہم سب اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت نے افغانستان میں اپنے سفارتخانوں کے ذریعے بلوچستان میں دہشت گردی کی بلوچستان اور پاکستان میں بے گناہ افراد کی شہادت کے پیچھے مودی سرکار کا ہاتھ ہے جس کا ثبوت کلبوشن کا پکڑاجانا ہے ۔

جے یوآئی کے اصغر علی ترین نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں جس طرح سے چوروں کی طرح حملہ کیا وہ قابل مذمت ہے اور ہماری افواج نے جس طرح سے جواب دیا اس پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو خبردار کرنا چاہتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لو جنگ سے بچو اگر پھر بھی تمہیں شوق ہے لڑنے کا تو آئو ہم جنگ کے لئے تیار ہیں ہمارے بچے ، جان مال سب کچھ پاکستان پر قربان ہے پاکستان ہے تو ہم ہیں مسلمان موت سے نہیں ڈرتا۔

صوبائی وزیر واسا و پی ایچ ای نور محمد دمڑ نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سفارتی اور اخلاقی طور پر شکست کھانے کے بعد ہٹ دھرمی پراتر آیا ہے دو ہزار مسلمانوں کا قاتل مودی دوبارہ اقتدارمیں آنے کے لئے خطے پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے جو بھارتی عوام کے ساتھ ناانصافی ہے انہوںنے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بربریت کے باوجود90فیصد کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں بھارت نے اگر ہم پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کی21کروڑعوام ملک کا دفاع کرنے کے لئے صف اول میں موجود ہوں گے ۔

بی اے پی کے دنیش کمار نے اقلیتی برادری کی جانب سے ایوان میں زیر بحث قرار داد کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ قرار داد اس بات کی تائید ہے کہ بلوچستان کے عوام بھارتی جارحیت کے خلاف صف اول کا کردار ادا کریں گے ہم پرامن لوگ ہیں جنگ نہیں چاہتے جبکہ مودی سرکار انتخابات میں کامیابی کے لئے ہم پر جنگ مسلط کرنے جارہی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہماری ماں ہے اگر کسی نے ہماری ماں کی جانب آنکھیں اٹھا کر دیکھا تو ہم اس کی آنکھیں نکال دیں گے پاکستان کی سرزمین پرامن لوگوں اور شاہ عبدالطیف بھٹائی، داتا گنج بخش ، سچل سرمست ، بھلے شاہ ، باباگرونانک کی دھرتی ہے ہم اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔

انہوںنے کہا کہ مودی کو سمجھ جانا چاہئے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اگر وہ پھر بھی جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے تو ہم آج اس ایوان سے یہ پیغام دیتے ہیں کہ ملک میں آباد 80لاکھ اقلیتی آبادی اپنی سرزمین کی دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔ صوبائی مشیر ملک نعیم بازئی نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن وامان کی بحالی کے لئے بھارتی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرکے اقوام عالم کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا جائے انہوںنے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی21کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

بی این پی کے اقلیتی رکن ٹائٹس جانسن نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مسلسل سرحدی حدود کی خلاف ورزی اور دراندازی کررہا ہے اس پر پاکستانی عوام اور عسکری قیادت نے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا انہوںنے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام جنگ نہیں آپس میں اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں مودی کو سمجھنا چاہئے کہ انتخابات اور اقتدار کچھ وقت کے لئے آتے ہیں لاشوں پر سیاست سے اقتدار حاصل کرکے ملک کو جنگ میں نہیں دھکیلا جاتا ۔

قائد حزب اختلاف ملک سکندرخان ایڈووکیٹ نے مشترکہ مذمتی قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں زیر بحث قرار داد بلوچستان کے ایک کروڑ23لاکھ عوام کی مشترکہ قرار داد ہے اراکین اسمبلی کا مشکور ہوں جنہوں نے مثبت انداز میں اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے حب الوطنی کا ثبوت دیا انہوں نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اگر اپنی دراندازی سے باز نہیں آیا تو جمعیت العلماء اسلام اپنے ملین مارچ کا رخ انڈیا کی جانب موڑ دے گی ۔

بھارت ہمارا آج کا دشمن نہیں جب بھی اسے موقع ملا ہے وہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت واردات کرتا ہے بھارت کی جانب سے دراندازی بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے اس سے قبل بھی او آئی سی کے اجلاس سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر بھارت کی بدمعاشی اور ظلم کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے 1944ء سے لے کر آج تک کشمیر سے متعلق کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی آہوں سسکیوں ، مائوں کی عصمت دری اور لاشوں پر اقوام متحدہ نے کوئی توجہ دی ہے حالانکہ اقوام متحدہ کی اپنی قرار داد میں کشمیریوں کو اپنی رائے کا حق دیا گیا ہے کہ وہ جہاں چاہیں آزادی سے اپنی زندگی بسر کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی دورائے نہیں کہ ملکی دفاع کے لئے پوری قوم متحداورپاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی موت کو خود دعوت دے کر جنگ لڑنا نہیں چاہتا انڈیا کو معلوم ہے کہ پاکستان کی طرف قدم بڑھانے سے وہ صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا اس نے بلیک میلنگ کی پالیسی اختیار کررکھی ہے انہوںنے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ فیڈریشن کی سطح پر اداروں اورخارجہ پالیسی کو مضبوط کیا جائے عدل کے اداروں کو عدل کی فراہمی کا پابند کیا جائے پلوامہ واقعے اور ایل او سی کی خلاف ورزی پر ڈپلومیٹک طریقے سے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرنے کی ضرور ت ہے انہوں نے جعفر آباد میں جے یوآئی کی مرکزی کونسل کے رکن کی بیٹی کی سفاکانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میںملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔

ڈپٹی اسپیکر بابر موسیٰ خیل نے قرار داد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے لیکن بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں نے ہمیں مجبور کیا کہ ہم انہیں موثر جواب دیں بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزئی اور جارحیت پر عالمی برادری بھی مذمت کرے گی پاکستان کا خطے میں امن کیلئے کلیدی کردار ہے ہم چاہتے ہیں کہ خطہ پر امن رہے اس لئے ہم ہمیشہ جنگ سے گریز کرتے ہیں انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارتی جنگی جنون کا نوٹس لے کر اس کی مذمت کرے ڈپٹی اسپیکر نے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ مختصر نوٹس پر ملک کی سالمیت اور قوم سے یکجہتی کیلئے اکھٹا ہوئے بعد ازاں قرار داد کر ایوان کی رائے سے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی سہہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات