پشاورہائی کورٹ کے جج کی گاڑی پر فائرنگ ‘ جسٹس ایوب خان مروت زخمی

حیات آباد میں نامعلوم ملزمان نے ہائی کورٹ کے جج کی گاڑی پر فائرنگ کی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 فروری 2019 11:07

پشاورہائی کورٹ کے جج کی گاڑی پر فائرنگ ‘ جسٹس ایوب خان مروت زخمی
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 فروری۔2019ء) صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاورمیں فائرنگ سے جسٹس ایوب خان مروت زخمی ہوگئے ہیں . تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم ملزمان نے ہائی کورٹ کے جج کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے‘واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے.

پولیس حکام کے مطابق جسٹس ایوب خان مروت کو 2 گولیاں لگیں، ڈرائیوربھی زخمی ہوا جسٹس ایوب خان مروت کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا.

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد کے سول جج سلیمان بدر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گاڑی میں لاہور سے واپس اسلام آباد آرہے تھے کہ چکری انٹرچینج کے قریب موٹروے پر نامعلو مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی تاہم خوش قسمتی سے وہ اور ان کے اہل خانہ محفوظ رہے.

بعدازاں سول جج نے پولیس نے فائرنگ کے لیے استعمال کی گئی گاڑی اور 3 افراد کو گرفتار کرلیا تھا‘واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں دیا مر کے علاقے تانگیر میں سیشن جج ملک عنایت کی گاڑی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تھی، تاہم خوش قسمتی وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے. ادھرپشاور پولیس کا کہنا ہے کہ جسٹس ایوب خان مروت کی گاڑی پر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے پستول اور کلاشنکوف سے فائرنگ کی.

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کا کہنا ہے کہ جسٹس ایوب کے بازو پر گولی لگی ،ان کی حالت خطرے سے باہر ہے. انہوں نے حکم دیا کہ پولیس کو حملہ آوروں کی جلد گرفتاری کیا جائے اور ہائی کورٹ کو تفتیش کر کے آگاہ کیا جائے. خیبر پختونخوا بارکونسل نے صوبے بھر میں ہڑتال کااعلان کردیا‘ وکیل عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے.