Live Updates

پنجاب اسمبلی ،صوبے کی جیلوں میں 217قیدیوں کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے ،120 شیر خوار بچے مائوں کیساتھ قید ہونے کا انکشاف

اپوزیشن کا موجودہ حکومت کے چھ ماہ کے دوران جیلوں میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد نہ کرنے پر شدید احتجاج ،مارچ میں کیمپ لگائیں گے ‘وزیر جیل خانہ جات انڈس ہائی وے کشمور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کے مطالبے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور ،کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی

جمعرات 28 فروری 2019 19:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبے کی جیلوں میں 217قیدیوں کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے اور 120 شیر خوار بچے مائوں کے ساتھ قید ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،اپوزیشن نے موجودہ حکومت کے چھ ماہ کے دوران جیلوں میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا جس پر صوبائی وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ نے بتایا کہ ہم مارچ میں میڈیکل کیمپ لگانے جا رہے ہیں جس میں ایڈز کے مریضوں کے ٹیسٹ ہوں گے،اجلاس کے دوران انڈس ہائی وے کشمور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کے مطالبے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی اپنے مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ 45منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری کی زیر صدارت شروع ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ جیل خانہ جات کے سوالوں کے جوابات متعلقہ وزیر زوار حسین وڑائچ نے دیئے تاہم وہ اراکین اسمبلی کے سوالوں کے تسلی بخش جواب نہ دے سکے ۔اس موقع پر ایوان کو بتایا گیا کہ پنجاب کی جیلوں میں 615 نوعمر بچے قید ہیں جن میں سے 120 شیر خوار دودھ پیتے بچے اپنی مائوں کے ساتھ قید ہیں جن کو حکومت کی جانب سے دودھ فراہم کیا جاتا ہے ۔

وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ نے بتایا کہ پنجاب کی جیلوں میں اس وقت 217 قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں اور جولائی 2018ء سے ابتک 41 میدیکل کیمپ لگائے گئے ۔جس پر اپوزیشن کی جانب سے پوچھا گیا کہ جولائی 2018ء سے ابتک موجودہ حکومت کے محکمہ جیل خانہ جات نے کتنے میڈیکل کیمپ لگائے ۔جس پر صوبائی وزیر تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور بتایا کہ موجودہ حکومت رواں ماہ میں میڈیکل کیمپ لگائے گی ۔

اس پر اپوزیشن نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے ہوئے کہا کہ 6 ماہ گزرنے کے باوجود محکمہ جیل خانہ جات نے کچھ نہیں کیا ۔سمیع اللہ خاں نے ایوان میں بتایا کہ ا (ن) لیگ کی پچھلی حکومت اور نگران حکومت نے 25جولائی2018ء تک41 کیمپ لگائے گئے جس میں سے (ن) لیگ نے 38 اور نگران حکومت نے 3کیمپ لگائے اس کا مطلب ہے کہ موجودہ حکومت نے کوئی کیمپ نہیں لگایا۔

صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے بتایا کہ ہم مارچ میں میڈیکل کیمپ لگانے جا رہے ہیں جس میں ایڈز کے مریضوں کے ٹیسٹ ہوں گے۔وقفہ سوالات کے بعد انڈس ہائی وے کشمور سے ڈیرہ اسماعیل خان تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کے مطالبے کی ایک آؤٹ آف ٹرن قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی جو تحریک انصاف کے رکن اویس دریشک نے پیش کی ۔ اجلاس جاری ہی تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی کردی گئی تاہم حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی ۔ جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری نے اجلاس آج بروز جمعہ کی صبح 9 بجے تک ملتوی کردیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات