بھارت سے تمام لڑائیوں کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے،پارلیمان کو ملکر مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہوگا، سراج الحق

وزیر اعظم کے امن کے رویہ کو سراہتے ہیں،جنگ مسلط ہوئی تو پوری قوم مل کر جواب دے گی، امیر حیدر ہوتی

جمعرات 28 فروری 2019 21:15

بھارت سے تمام لڑائیوں کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے،پارلیمان کو ملکر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2019ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت سے تمام لڑائیوں کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے،پارلیمان کو ملکر مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہوگا۔جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرا ج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پائلٹ واپسی کا اعلان اور ماحول کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کو سراہتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دوبارہ ایسی ہی صورتحال ہمیں ہر صورت پیش آنی ہے،مسئلہ کشمیر کے حل تک سب بے فائدہ ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر ایسا رہا تو ہمیں ایک گلاس پانی تک نہیں ملے گا،اس معاملے کو سنجیدہ لیا جائے۔سراج الحق نے کہا کہ پائلٹ کی واپسی اس ایوان کا مسئلہ نہیں اس ایوان میں مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ایک لاکھ کشمیری مارے گئے، 80 ہزار سے زائد نوجوان جیلوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی کے شوہر کو جیل میں 31 سال ہو گئے ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ دھرتی مذہب ملک کے تحفظ کیلئے یک زبان ہیں،انڈیا کے ساتھ اصل مسئلہ کشمیر ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہمارا ایمان ہے،کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے،پائلٹ دینا نہ دینا مسئلہ نہیں مسئلہ کشمیر ہے،کشمیر پاکستان کے ساتھ نہ ہو تو پاکستانی دریا خشک ہوجائیں،پارلیمان کو ملکر مسئلہ کشمیر کا حل نکالنا ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پوری دنیا تباہ ہوسکتی ہے،مودی کا فلسفہ فسادیت ہے۔اے این پی کے امیر حیدر ہوتی نے کہاکہ پاکستان کی امن کی پیشکش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم کے امن کے رویہ کو سراہتے ہیں،جنگ مسلط ہوئی تو پوری قوم مل کر جواب دے گی۔