Live Updates

پاک فضائیہ کے شاہینوں کی صلاحیتوں کا بھارتی میڈیا بھی معترف

پاکستانی طیاروں نے صرف 90سینکڈز میں مگ طیارہ مار گرایا۔ ہندوستان ٹائمز کا اعتراف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 1 مارچ 2019 11:45

پاک فضائیہ کے شاہینوں کی صلاحیتوں کا بھارتی میڈیا بھی معترف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم مارچ 2019ء) : دو روز قبل پاک فضائیہ نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بھارت کے دو طیارے حدود کی خلاورزی کرنے پر گرائے تھے جس میں ایک بھارتی پائلٹ مارا بھی گیا تھا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا تھا۔جس کے بعد گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا تھا جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی تعریف بھی کی تھی۔جب کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی صلاحیتوں کابھارتی میڈیا بھی معترف نکلا ہے۔ہندوستان ٹائمز میں چھپنے والے آرٹیکل میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستانی طیاروں نے صرف 90سینکڈز میں مگ طیارہ مار گرایا۔جب کہ بھارتی پائلٹ گرانے والے پاکستانی پائلٹ حسن محمود صدیقی کی بھی سوشل میڈیا پر خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی طیاروں کو مار گرانے والے پاکستانی پائلٹ اسکوارڈن لیڈر حسن محمود صدیقی کی تصاویر گردش کرنے لگیں۔ پاک فضائیہ کے ہیرو اسکواڈرن لیڈر حسن نے کل صبح بھارتی جنگی طیارے کو نشانہ بنا کر مار گرایا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین نے قوم کے اس ہیرو کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہمیں آپ پر فخر ہے ، آج آپ نے بھارتی طیاروں کو گرا کر ایم ایم عالم کی یاد تازہ کردی۔

پاک فضائیہ کے بہادر سپوت اسکوارڈن لیڈر حسن محمود صدیقی نارتھ کراچی میں عثمان پبلک اسکول کے طالبعلم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 1999ء میں عثمان پبلک اسکول سے میٹرک کیا۔ اسکوارڈن لیڈر حسن کے اسکول کے ساتھی احمر خان نے بتایا کہ حسن کو بچپن سے ہی فوج میں جانے کا شوق تھا۔ حسن کے والد کا نام محمود عالم ہے۔ حسن اسکول میں ایم ایم عالم کے بیٹے کے نام سے مشہور تھے۔ انہیں پاک فضائیہ میں جا کر دشمن کے دانت توڑنے کا جذبہ تھا۔ ڈرائنگ کی کلاس میں حسن لڑاکا طیاروں کی تصاویر بناتے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات