Live Updates

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے گھر اجلاس میں پاکستان میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر لی گئی

اربوں روپے کی فنڈنگ اور پاکستان میں بھارتی ایجنٹس ایم کیو ایم لندن، براہمداغ بگٹی اور پی ٹی ایم سمیت دیگرکا لعدم تنظیموں سے رابطے بھی تیز کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 مارچ 2019 12:47

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے گھر اجلاس میں پاکستان میں دہشتگردی کی ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم مارچ 2019ء) : بھارت نےپاکستان میں دراندازی کی کوشش کی تو پاکستان نے جوابی کارروائی میں اس کوشش کو ناکام بنا دیا ، یہی نہیں بلکہ بدھ کی صبح بھارت کو ایک سرپرائز بھی دیا اور بھارتی فضائیہ کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو حراست میں بھی لے لیا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے بدھ کی صبح کی جانے والی کارروائی جنگی محاذ پر پاکستان کی کامیابی اور بھارت کی ناکامی ثابت ہوئی جبکہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی زیر حراست بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا حکم دے کر سفارتی محاذ پر بھی بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ۔

تاہم اب جنگی اور سفارتی محاذ پر ناکامی کے بعد بھارت نے پاکستان کے اندر دہشت گردی پھیلانے کی نئی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق اربوں روپے کی فنڈنگ اور پاکستان میں بھارتی ایجنٹس ایم کیو ایم لندن، براہمداغ بگٹی اور پی ٹی ایم سمیت دیگرکا لعدم تنظیموں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہندو حکمرانوں نے پاکستان کے خلاف ایک بار پھر سے دہشت گردی کو تیز کرنے کے منصوبہ پر عمل کا فیصلہ نریندر مودی کے گھر ہونے والے اجلاس میں کیا ۔

اس ضمن میں جن پاکستان دشمن عناصر سے ان کے رابطے ہوئے ہیں، اس حوالے سے پاکستان کے اہم اداروں کو اطلاعات موصول ہو چکی ہیں اور انہوں نے اس کے سدباب کے لیے کام بھی شروع کر دیا ۔ ایم کیو ایم لندن کے وفد کی براہمداغ بگٹی کے ساتھ ملاقات بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس دہشت گردی کی نئی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ بھارت نے سوشل میڈیا کے محاذ پر بھی پاکستان کے خلاف خوفناک سازش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 6321 ایسی فیک آئی ڈیز بنا لیں جن کے ذریعے مذہبی نفرت پھیلانے ، صوبائی عصبیت پیدا کرنے اور حساس اداروں کو تنقید کا نشانہ بنانے اور جعلی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کا کام کیا جائے گا۔

آئی ڈیز افغانستان، جنوبی افریقہ، لندن اور بھارت سے آپریٹ ہوں گی ۔ با وثوق ذرائع کے مطابق اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی خوفناک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے کہ باقاعدہ ٹرینڈ شدہ ہندو تیار کیے گئے جنہوں نے داڑھیاں رکھی ہوئی ہیں اور ان کو مسلمان بنا کر نہ صرف پاکستان بھیجنے کی کوشش کی جائے گی بلکہ ان کی ایسی ویڈیوز بھی تیار کی جا رہی ہیں کہ وہ دہشت گردی کے تربیتی کیمپوں کو چلا رہے ہیں اور ٹریننگ دے رہے ہیں۔

یہ سب کچھ ہو گا تو بھارت کے اندر لیکن اس کو سوشل میڈیا کے ذریعے یہ کہہ کر پھیلایا جائے گا کہ یہ پاکستان کے اندر موجود ہشت گردوں کے تربیتی کیمپ ہیں اور پھر ایک اور ڈرامہ کیا جائے گا کہ اپنے ہی تیار کردہ لوگوں کو ایک منصوبہ بندی کے تحت گرفتار کر کے ان سے بیان دلوایا جائے گا کہ وہ پاکستان کے اداروں کے کہنے پر کشمیر اور بھارت کے اندر دہشت گردی پھیلا رہے ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات