عالمی کپ:سابق بھارتی کرکٹرز بی سی سی آئی کو ڈرانے لگے

پاکستان کیخلاف نہ کھیلنے پر بھارت کو سنگین نتائج سے آگاہ رہنا چاہئے:چیتن چوہان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 1 مارچ 2019 14:55

عالمی کپ:سابق بھارتی کرکٹرز بی سی سی آئی کو ڈرانے لگے
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم مارچ 2019ء) عالمی کپ2019ءمیں پاکستان کیخلاف میچ نہ کھیلنے پر سابق بھارتی کرکٹرز نے بی سی سی آئی کو سنگین نتائج سے ڈرانا شروع کردیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں سابق اور حالیہ پلیئرز کی اکثریت موجودہ صورتحال میں پاکستان کیخلاف نہ کھیلنے پر یک زبان ہے لیکن بعض کھلاڑی ان خدشات کا بھی اظہار کر رہے ہیں کہ پاکستان کیخلاف عالمی کپ کے میچ کا بائیکاٹ انہیں سنگین نتائج سے بھی دوچار کرسکتا ہے۔

سابق بھارتی اوپننگ بیٹسمین اور اتر پردیش کے کیبنٹ منسٹر چیتن چوہان کا کہنا ہے کہ حکومت بی سی سی آئی کو ہدایت کرے کہ ہر ٹورنامنٹ کے اپنے قوانین ہوتے ہیں اور پاکستان کیخلاف میچ کا بائیکاٹ عالمی کپ جیسے ایونٹ میں اتنا آسان نہیں ہوگا کیونکہ وہاں کئی ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر اس فیصلے کے باعث بھارت کو سنگین نتائج کے خطرات لاحق ہیں کیونکہ پاکستان کیخلاف میچ سے دستبرداری کی صورت میں بھارتی ٹیم پر دو سے تین سال کی پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔

چیتن چوہان کا کہنا تھا کہ اگر یہ میچ پاکستان میں ہوتا تو وہ فوری طور پر کھیلنے سے انکار کر دیتے اور بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد وہ پاکستانی ٹیم کو مدعو کرنے کی بھی مخالفت کرتے لیکن ورلڈ کپ کی میزبانی چونکہ انگلینڈ کر رہا ہے اور اس ٹورنامنٹ کا شیڈول آٹھ سے دس سال قبل طے کرلیا جاتا ہے لہٰذا اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔ واضح رہے کہ متعدد سابق اور حالیہ کرکٹرز نے پاکستان کیخلاف کھیلنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔