سول ایوی ایشن کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ چار مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ

علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ 4 مارچ دوپہر ایک بجے تک بند رہے گا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 مارچ 2019 16:59

سول ایوی ایشن کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ چار مارچ تک بند رکھنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم مارچ 2019ء) : سول ایوی ایشن نے علاقہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو 4 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو دوپہر ایک بجے تک بند رکھا جائے گا۔ جبکہ سیالکوٹ ائیرپورٹ کو بھی 4 مارچ تک بند رکھا جائے گا اور چار مارچ دوپہر ایک بجے ہی کھولا جائے گا۔ واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے پاک بھارت کشیدگی اور موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔

جس کے بعد آج سول ایوی ایشن حکام نے پاکستان کی فضائی حدود کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا ۔ جس کے تحت کراچی ، اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا گیا۔ سول ایوی ایشن حکام نے ہدایات جاری کیں کہ ان ائیرپورٹس پر بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں کراچی کی فضائی حدود کھولی جائیں گی،دوسرے مرحلے میں پاکستان کے دیگر شہروں کی فضائی حدود کو کھولا جائے گا جلد ہی فضائی حدود کھولنے کا نوٹم (NOTAM) جاری کیا جائے گا۔

ترجمان سول ایویشن ایشن کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود شام 4 بجے کُھلنا شروع ہو جائیں گی۔جب کہ کمرشل پروازیں شام 6 بجے کے بعد کھولی جائیں گی۔ یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کی ائیر اسپیس کو دو روز قبل عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔جس کے تحت لاہور، اسلام آباد ، فیصل آباد، کراچی ، کوئٹہ اور پشاور سمیت دیگر شہروں کے فلائٹ آپریشنز معطل کر دئیے گئے تھے۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے منیجر کے مطابق چین کے گوانگزو ایئرپورٹ سے آنے والی پرواز کو واپس بھجوادیا گیا جب کہ اندرون و بیرون ممالک جانے اور آنے والی پروازیں تا حکم ثانی روک دی گئیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے پر ایمریٹس ائیرلائن نے بھی پاکستان آنے والی پروازوں کو معطل کر دیا تھا ۔ تاہم اب حالات میں معمولی بہتری آنے کے بعد سول ایوی ایشن نے ائیراسپیس کو جُزوی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔