پرویز محمود قتل کیس ،عدالت نے مسعود عرف کالا، محمد آصف عرف آلٹو اور سید بابر علی عرف موٹا پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی

جمعہ 1 مارچ 2019 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظم ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل کے مقدمے میں پیش رفت، عدالت نے مسعود عرف کالا، محمد آصف عرف آلٹو اور سید بابر علی عرف موٹا پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی۔جمعہ کو انسداد دہشت گردی عدالت میں فرد جرم عائد کیئے جانے پر ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا جس پر عدالت نے مقدمے کے گواہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے کے گواہوں کی حاضری 13 مارچ کو یقینی بنایا جائے، مفرور ملزمان میں عمران اعجاز نیازی، طاہر قادیانی عرف طاہر لوگائی عرف طاہر چینال،زبیر عرف پپا، عبد الرحمان عرف قریشی ،ساتھیوں میں سابقہ سیکٹر انچارج فیصل، جوائنٹ سیکٹر انچارج ریحان، فیضان الیاس ،سمیر نائی، شکیل موٹا اور سابقہ کے ٹی سی انچارج حماد صدیقی بھی ملزمان میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزمان نے تفتیش کے دوران ڈاکٹر پرویز محمود کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا،ٹاؤن ناظم لیاقت آباد ڈاکٹر پرویز محمود کو کے ڈی اے چورنگی کے قریب نشانہ بنایا گیا، جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظم کے ہمراہ ان کے دوست خلیق اللہ بھی جاں بحق ہوئے تھے، ملزمان نے اپنی ٹارگٹ کلر اسکارڈ کے ساتھ مقتولین کو نشانہ بنایا، ڈاکٹر پرویز محمود کا قتل کراچی تنظیمی کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کے کہنے پر کیا۔