بلاول بھٹو زرداری جیسے عظیم لیڈر بڑھکیں نہیں مارتے ،مرتضی وہاب

جیو اور جینے دوکی بات کرتے ہیں،اور خطہ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں،مشیر اطلاعات سندھ

جمعہ 1 مارچ 2019 19:33

بلاول بھٹو زرداری جیسے عظیم لیڈر بڑھکیں نہیں مارتے ،مرتضی وہاب
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جیسے عظیم لیڈر بڑھکیں نہیں مارتے بلکہ "جیو اور جینے دو" کی بات کرتے ہیں،اور خطہ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو جیسا سیاسی وژن کسی اور رہنما کا نہیں،خطے میں بلاول جیسے لیڈر ہی اعتدال پسند نظریہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے ہمیشہ معقولیت کی بات کی ہے۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ برصغیر کے جغرافیہ میں بلاول بھٹو زرداری ان چند رہنماوں میں سے ہیں، جو سیاست کے میدان میں اعتدال پسند نظریہ رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہمیشہ خیر سگالی اور امن پسندی کی بات کی ہے جیسا کہ ان کی والدہ شہید بینظیر بھٹو اور نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو نے خطہ میں امن کے پرچم کو سربلند کیا تھا۔

(جاری ہے)

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آج بلاول بھٹو زرداری بھی انہیںعظیم راہنماوں کی راہ پر گامزن ہیں۔بلاول اپنی زمین اور لوگوں کو امن کا پیغام دے رہا ہے۔انہوں نے اختتام میں کہا کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی اپنے عظیم قائد کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وطن کے چپے چپے کا نظریاتی دفاع کرے گی اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو سبق سکھا سکتی ہے۔