کراچی ٹریفک پولیس کا قوانین کی پاسداری اور حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پروگرام کا انعقاد

ٹریفک پولیس کراچی نے مفاد عامہ کے تقاضوں کو سامنے رکھ کر مختلف اوقات اور دورانیئے میں ٹریفک مہم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ،ڈی آئی جی ٹریفک

جمعہ 1 مارچ 2019 19:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) ٹریفک قوانین کی پاسداری اور حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے حب ریور روڈ مواچھ موڑ پر نجی فلاحی ادارے /اسکول اور ٹریفک پولیس کے اشتراک سے آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس خصوصی پروگرام میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی جاوید علی مہر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مذکورہ فلاحی ادارے /نجی اسکول کے چیئرمین آصف علی اور بورڈ ممبرشکیل نے ڈی آئی جی ٹریفک کی آمد پر انکا استقبال اور شکریہ ادا کیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پروگرام میں شریک طلباء،اسکاؤٹس ودیگر شہریوں کوٹریفک قوانین کے نفاذ کی اہمیت اور عمل داری کی افادیت کا تفصیلی احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک پولیس کراچی نے مفاد عامہ کے تقاضوں کو سامنے رکھ کر مختلف اوقات اور دورانیئے میں ٹریفک مہم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جسکا مقصد سڑکوں پر حادثات اور باالخصوص جان لیوا حادثات کا انسداد اور شہریوں کے لیئے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور باالخصوص موٹرسائیکل سوراروں کو چاہئے کہ ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو اپنا شعار بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام کے مشترکہ تعاون ہی سے سڑکوں پر حادثات کے انسدادی اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنایا جاسکتا ہے ۔اس موقع پر حب ریور روڈ پر بغیرہیلمٹ سفر کرنیوالے موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ تقسیم کیئے گئے اور انکے استعمال کی افادیت سے انہیں مکمل آگاہی دی گئی۔

پروگرام کے اختتام پر ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیئے پی ٹی سی سعید آباد تا ڈبہ موڑ اور وہاں سے سعیدآباد ٹریفک سیکشن تک واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔پروگرام میں ایس ایس پی ٹریفک ویسٹ،ٹریفک پولیس افسران اور جوانوں کے علاوہ اوکھائی میمن جماعت کے نمائندگان/معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔