ہندوستان کی حکومت مسخروں کے ہاتھ میں ہے، نریندر مودی گھبرا گیا ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

یندر مودی نے جو چال ہمارے خلاف چلی تھی اب خود اس میں پھنس گیا ہے ، بھارت کا دہشتگرد وزیر اعظم وہاں انتہاء پسندی کو ہوا دینے کیلئے جو جمعیت بنانے کی کو شش کررہا ہے اس کا انجام بہت برا ہوگا،راجہ فاروق حیدر

جمعہ 1 مارچ 2019 19:51

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی حکومت مسخروں کے ہاتھ میں ہے، نریندر مودی گھبرا گیا ہے ، نریندر مودی نے جو چال ہمارے خلاف چلی تھی اب خود اس میں پھنس گیا ہے ، بھارت کا دہشتگرد وزیر اعظم وہاں انتہاء پسندی کو ہوا دینے کیلئے جو جمعیت بنانے کی کو شش کررہا ہے اس کا انجام بہت برا ہوگا۔

ہندوستان نے الزام لگایا کہ میرے حلقہ انتخاب میں نیلی کے مقام پر دہشتگردوں کا کیمپ ہے میں انکو بتانا چاہتا ہوں کہ نیلی میں کوئی دہشتگرد نہیں رہتے مین روڈ کے ساتھ مہاجرین کا کیمپ ہے ۔ میں واپس وطن جا کر میڈیا کو ساتھ لیکروہاں جائوں گا اور دنیا کو دکھائوں گا کہ یہاں کو نسے دہشتگرد رہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھی میڈیا کو جانے کی اجازت دی جائے ۔

آزادکشمیر کے عوام پاک فوج کی پشت پر ہیں اور ان کے حوصلے قابل رشک ہیں ۔ پاکستان کی پارلیمنٹ کے علاوہ ستر سال بعد برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیرپر بات ہوئی ہے اور برطانوی وزیر نے آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم کا ذکر کیا اور کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے وزیر اعظم آزادکشمیر یہاں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کا ذکر ہونا ایک بڑی کامیابی ہے ۔

ہم نے اللہ کے فضل و کرم سے اپنی طرف سے بھرپور کوشش کی ہے کہ دنیا کشمیریوں کی آواز سنے ۔ ہندوستان کا میڈیا پروپیگنڈا کرتا ہے کہ وہاں سیکولر ازم ہے نریندر مودی الیکشن جیتنے کیلئے جارحیت کررہا ہے اس کی پارٹی کے ممبر نے کہا کہ پاکستان پر ایک ائیر سٹرائیک اس کو 22سیٹیں دلا سکتی ہے لیکن کل افواج پاکستان نے ان کا جو حال کیا اور دو جہاز گرائے اس سے ان کی عقل ٹھکانے آ گئی ہوگی۔

مجھے افسوس ہے کہ ہندوستان کے میڈیا پر بھی جو لوگ بیٹھے ہیں وہ بھی جنگی جنون میں مبتلا ہیں، وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے پائلٹ کی رہائی کے اعلان کو ویلکم کرنے کے بجاے وہ جنگ کی باتیں کرتے ہیں، انہیں اندازہ ہو گیا ہو گا کہ ہم ان کا جنگی جنون کس طرح ختم کر سکتے ہیں ۔میر ا دل بہت بے چین ہے ، چاہتا ہوں کہ اس وقت اپنے ملک میں موجود ہوں ، وہاں کی صورتحال سے مسلسل رابطے میں ہوں، میرا حلقہ انتخاب ایل او سی پر واقع ہے وزراء کرام اور چیف سیکرٹری سے مکمل رابطے میں ہوں ۔

وزراء مسلسل لائن آف کنٹرول کے دورے کررہے ہیں اور متاثرین کی سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے لندن میں ہیتھرو ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان اور بھارت کی حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملک بھر میں فلائیٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث آزادجموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان وطن واپس نہ پہنچ سکے ۔

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان لندن میں ہیں وزیر اعظم گزشتہ رو ز تیسری مرتبہ ہیتھرو ائیرپورٹ پر وطن واپس جانے کیلئے آئے اور دستیاب فلائیٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان نہ آ سکے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کو اپنا جھوٹا پروپیگنڈا چھوڑنا ہوگا۔ وزیر اعظم آزادکشمیرنے کہاکہ کشمیریوں کا مسئلہ انٹرنیشنلائز ہو چکا ہے اور وہ اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہونگے ۔

انہوں نے کہاکہ انہوں نے کہاکہ ہم نے یہاں ڈائس پورہ کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال شیئر کی ہے اور یہاں ہماری جماعت بھی کشمیریوں کی آواز زبردست طریقے سے بلند کررہی ہے ۔ وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق فیکٹ فائنڈ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ میں آج تیسری بار یہاں آیا ہوں کہ دبئی یا قطر کی فلائیٹ کے ذریعے روانہ ہو سکوں لیکن کوئی فلائیٹ دستیاب نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ، آزادکشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہیں اور ڈٹے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان اگر باز نہ آیا تو کشمیری عوام پاک افواج کے ساتھ ملکر ہندوستان کا غرور خاک میںملائیں گے۔