جیکب آباد ، ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 15ارب سے زائد کی کرپشن ، ٹھیکیدار نیب میں پیش

جمعہ 1 مارچ 2019 19:52

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) جیکب آباد ، ترقیاتی منصوبوں کی مد میں 15ارب سے زائد کی کرپشن ، ٹھیکیدار نیب میں پیش، نیب نے ٹھیکیداروں سے تفصیلات مانگ لی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں گذشتہ 10سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کی مد میں ملنے والے 15ارب سے زائد کے فنڈز میں مبینہ کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر محمد میاں سومرو کی ہمشیرہ ملیحہ سومرو کی درخواست پر نیب کو تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا جس پر نیب کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کی گئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ روز ڈی جی نیب سکھر نے ٹھیکیداروں کو طلب کیا تھا جس پر کئی ٹھیکیدار نیب میں پیش ہوئے، معلوم ہوا ہے کہ نیب نے ٹھیکیداروں سے تمام تفصیلات بھی مانگ لی ہے ، اس سلسلے میں نیب سکھر سے رابطے کی کوشش کی گئی تو رابطہ نہیں ہوسکا، جبکہ مبینہ کرپشن کرنے والے ٹھیکیداروں کے نمبرز بھی بند تھے اس لیے ان سے رابطہ نہیں ہوسکا، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مبینہ کرپشن میں ملوث ٹھیکیداروں عبدالرزاق بہرانی ودیگر کی جانب سے نیب سے ڈیل کی کوشش کی جارہی ہے ، واضح رہے کہ مذکورہ کیس میں سابق وفاقی وزیر اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر میر اعجاز جکھرانی کو بھی ملوث قرار دیا گیا ہے اور نیب سکھر کی جانب سے انہیں 6مارچ کو طلب کیا گیا تھا جس پر انہوںنے سندھ ہائی کورٹ کراچی سے قبل از گرفتاری ضمانت کرالی ہے۔