Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی پر پریشر ہے ،میر ے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے ، خواجہ سعد رفیق

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لوگوں کو دکھانا تھا ہم اکٹھے ہیں اس لئے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کئے گئے،وزیراعظم نے مجھے ٹارگٹ کیا ہوا ہے، ہم نے بھیک مانگنی ہے اور نہ ہمیں کوئی رعایت چاہئے، میڈیا سے گفتگو

جمعہ 1 مارچ 2019 20:01

سپیکر قومی اسمبلی پر پریشر ہے ،میر ے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے ، خواجہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائ اور رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی پر پریشر ہے ،میر ے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں لوگوں کو دکھانا تھا کہ ہم اکٹھے ہیں اس لئے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کئے گئے،وزیراعظم نے مجھے ٹارگٹ کیا ہوا ہے، ہم نے بھیک مانگنی ہے اور نہ ہمیں کوئی رعایت چاہئے۔

جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائ اور رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ سیشن کیلئے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے جبکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کیلئے شائد اس لئے پروڈکشن جاری کردیئے کہ لوگوں کو دکھانا تھا کہ ہم اکھٹے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کیلئے سید خورشید شاہ ، خواجہ محمد آصف ، ایاز صادق، رانا ثنائ اللہ ،مریم اورنگزیب اور مرتضیٰ جاوید عباسی سب سپیکر کے پاس میرے پروڈکشن آرڈر جاری کروانے کیلئے گئے اور سپیکر صاحب پروڈکشن آرڈرجاری کرنے کا وعدہ کر کے گھر چلے گئے۔

دو گھنٹے بعد گھر سے واپسی پر سپیکر نے کہا کہ میں پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کرسکتا ، ہمیں پتہ ہے کہ سپیکر پر پریشر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مجھے ٹارگٹ کیا ہوا ہے، اگر وزیراعظم پروڈکشن آرڈرجاری نہیں ہونے دیتے تو ان سے مجھے کیا فائدہ ہوگا او ر ان کا کیا نقصان ہوگا اللہ ان کا بھلا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ریلوے کی قائمہ کمیٹی کے الیکشن اور قائمہ کمیٹیوں کی میٹنگ میں نہیں آنے دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ میں نے یہاں بڑی متوازن بات کی ہے لیکن مجھے افسوس ہے کہ اگر ظرف کا عالم یہ ہے اور آپ کا لیول یہ ہے اگر آپ کو ملک کا حکمران بنا دیا گیا ہے تو کوئی حکمرانوں جیسی عادت ہی پیدا کرلیں ، اپنے اندر تھوڑی سی وسعت ہی پیدا کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی بھی حوصلہ نہیں کرپارہے ، وزیراعظم نے بھی بعض وزرائ کے مشورے پر مجھے ٹارگٹ کیا ہوا ہے ، شائد ان کو غصہ ہے کہ وہ مجھ سے الیکشن میں شکست کھا گئے تھے اور دوبارہ گنتی پر بھی وہ ایکسپوز ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میرے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، نہ ہم نے بھیک مانگنی ہے اور نہ ہی ہمیں کوئی رعایت چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار جیل نہیں گیا، جب بھی ہماری حکومت جاتی ہے میں جیل جاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں 82ئ میں 19 سال کی عمر میں پہلی بار کیمپ جیل میں گیا تھا، میں اور میرا بھائی سلمان رفیق حوصلے سے جیل کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیلیں مردوں کیلئے ہیں اور جو سیاستدان جمہوریت کی بات کرتے ہیں جیلیں بدقسمتی سے ان کا مقدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کی پرواہ نہیں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات