پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں ہمارے شاہینوں نے دشمن کو پسپا کردیا تھا،مولانا عبدالغفورحیدری

جنگ کسی کے مفاد میں نہیں لیکن جب جنگ مسلط کی جائے تو اسکا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چائیے،مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علماء اسلام

جمعہ 1 مارچ 2019 20:12

اسلام آباد+ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے پارلیمنٹ کے جوائنٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے پاکستان کی طرف سے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں ہمارے شاہینوں نے دشمن کو پسپا کردیا تھا انہوں نے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں لیکن جب جنگ مسلط کی جائے تو اسکا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چائیے پاکستانی حکومت او آئی سی کے اجلاس میں شرکت نہ کرے اور بھارتی وزیر خارجہ کو اجلاس میں بلانے پہ موثر احتجاج کریں انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ کو عجلت میں چھوڑا جارہا ہے لازمی تھا کہ کچھ وقت کے بعد رہا کیا جاتا نہ انڈیا کی طرف سے کوئی درخواست کی گئی اور نہ ہی کوئی سفارتی سطح کا رابطہ ہوا اور یہاں انکو رہا کرنے کا اعلان کیا گیا انہوں نے کہا کہ مغرب کے دباو کی وجہ سے بھارتی پائلٹ کو رہا کیا گیا اگرچہ پاکستان کا موقف امن پالیسی ہی تھی لیکن انڈیا کی حکومت اور انکی میڈیا بڑے زور شور کیساتھ کہہ رہی ہے کہ پاکستان ہم سے ڈر گیا اور ہمارے دباو میں آکر بھارتی پائلٹ کو رہا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے قوم کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا اور نہ ہی اس فیصلے کا بھارت سے کوئی اچھا ردعمل آیا جبکہ ہمارا قیدی کرنل حبیب گزشہ کئی دہائیوں سے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کررہا ہے کم از کم انکی رہائی کے بدلے پائلٹ کو رہا کیا جاتا انہوں یا کوئی اور ملک ثالثی کا کردار ادا کرتی تب انکو رہا کیا جاتا انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے جب تک کشمیریوں کو خودداریت نہیں دی جائیگی اس وقت تک خطے میں امن ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مظلوموں کے زخموں پہ نمک پاشی نہ کی جائے بلکہ جب ہم کہتے ہے کہ وہ ہمارا اٹوٹ انگ ہے تو ہمیں وہ کردار بھی ادا کرنی چائیے۔