بیرونی جارحیت کیخلاف قوم متحد ہے ، حکومت اوراپوزیشن سب پاک فوج کے ساتھ ہیں ،سید ناصر حسین شاہ

مودی سرکار نے گھنائونی سازش کرکے پلوامہ کا ڈرامہ رچا یا تھا جو ناکام ثابت ہوا، سندھ اسمبلی کے اجلاس سے میڈیا سے گفتگو

جمعہ 1 مارچ 2019 21:04

بیرونی جارحیت کیخلاف قوم متحد ہے ، حکومت اوراپوزیشن سب پاک فوج کے ساتھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) سینئر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بیرونی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد ہے ، حکومت اوراپوزیشن سب پاک فوج کے ساتھ ہیں ، مودی سرکار نے گھنائونی سازش کرکے پلوامہ کا ڈرامہ رچا یا تھا جو ناکام ثابت ہوا۔ جمعہ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے الیکشن میں خود کو کامیاب کرنے کیلئے پاکستان پر حملہ کی کوشش کی لیکن اسے منہ کی کھانی پڑی ،ہم امن چاہتے ہیں جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے تاہم ہماری امن پسندی کو کمزوری نہیں سمجھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایٹمی قوت ہیں منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں وزیر اعظم جو بھی فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہیں ، پاکستان کو او آئی سی میں ضرور جانا چائیے تھا ، ناصر شاہ نے کہا کہ تواتر سے کراچی میں پھر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان واقعات میں ملوث کچھ لوپکڑے گئے ہیں اور اب واضح ہوگیا ہے کہ اس معاملے میں ملک دشمن الطاف حسین ملوث ہے ، انہوں نے کہا کہ ایجنسیوں کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں متحدہ کے دوستوں سے کہوں گا جب سارا معاملہ سامنے آگیا ہے تو اس پر وہ بات کیوں نہیں کرتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں پرپولیس رینجرز کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک آدھ دن میں سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے حوالے معاملات مکمل ہو جائیں گے ۔