پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاک وطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،خلیفہ حیدر علی شاہ کاظمی

OICکشمیریوں پر ظلم و بربریت کیخلاف دلیرانہ فیصلہ کن موقف منوائے، اسلامی ممالک پاکستان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کریں نور مصطفی فائونڈیشن کے تحت پاک فوج سے بھر پور یکجہتی کا اظہار اور مودی سرکار کے جنگی جنون اور کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 1 مارچ 2019 21:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2019ء) نور مصطفی فائونڈیشن کے تحت صفورہ گوٹھ گلشن عظیم میں پاک فوج سے بھر پور اظہار یکجہتی اور مودی سرکار کے جنگی جنون اور کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے چیئر مین نور مصطفی فائونڈیشن خلیفہ حیدر علی شاہ کاظمی محمودی ،زبیر عالم صدیقی، زبیر قادری ودیگر نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت اور روزانہ کشمیر کے آزادی کے پروانوں پر گولیوں کی بوچھاڑ OLCکی مسلسل خلاف ورزیاں اور فضائی حدود میں داخل ہوکر جارحیت کی ناکام کوششوں کے خلاف پاک فوج کے ہمراہ 22کروڑ عوام بھی ساتھ کھڑی ہیں۔

خلیفہ حیدر علی شاہ کاظمی نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک وطن کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے جبکہ OICکشمیریوں پر ظلم و بربریت کے خلاف دلیرانہ فیصلہ کن موقف منوائے۔

(جاری ہے)

اور اسلامی ممالک پاکستان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کریں ۔ رہنمائوں نے کہا کہ کراچی تا خیبر اہلیان پاکستان اس عزم کا اعلان کرتی ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ ملک کی دفاع کے لئے بھارتی سورمائوں سے لڑے گا ابھی تو جنگ کا آغاز بھی نہیں ہوا بھارت کے دو طیارے ملبہ کا ڈھیر بنادیئے گئے اور پاک فوج نے اپنی عسکری تربیت اور برتری کا واضح پیغام دنیا کو دے دیا ۔

خلیفہ حیدر علی شاہ کاظمی نے کہا کہ مودی سرکار اپنی الیکشن مہم انسانی لاشوں پر چلانے کی کوشش نہ کرے اب تو ذی شعور بھارتی طبقہ بھی مودی سرکار کے اوچھے ہتھکنڈوں سے نالاں ہوچکے ہیں۔ اور الیکشن میں مودی سرکار نیست و نابود ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اب بھی وقت کے ہوش کے ناخن لو ۔جنگی جنون کے دائرے سے بہار نکلو اختلافات کو مذکرات کی میز پر حل کرو مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت ختم کرو اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دو ۔

خلیفہ حیدر علی شاہ کاظمی نے کہا کہ عسکری برتری کبھی بھی عددی عسکریت حاصل نہیں ہوتی جس کا مظاہرہ پاک فضائیہ نے آغاز ہی میں کردیا پاکستان کی طرف سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان امن کو فروغ دینے اور دنیا کو بھسم کردینے والی جنگ سے بچانے کے لئے بڑا اقدام ہے ۔ بھارتی میڈیا ریٹنگ کے چکر میں جنگی ماحول کو ہوا دے رہا ہے جو خودکشی کے مترادف ہے ہمارے حوصلہ بلند ہیں 1965کی جنگ کی طرح دھول چٹانے کے لئے پاکستانی ایک پیچ پر ہیں ۔

اور اب نہ ہم PTIہیں نہ مسلم لیگ ن نہ PPPہے نہMMAہے اب ہم صرف اور صرف سب پاکستانی ہیں اور اپنے ملک کے دفاع کے جذبہ سے سرشار ہیںاور اسلام کا قلعہ پاکستان انشاء اللہ تا قیامت تک قائم و دائم رہے گا جبکہ انڈیا جنگی جنون کی وجہ سے خود درجنوں ریاستوں میں بٹ جائے گا۔ انشاء اللہ۔