سعودی عرب نے اُسامہ بن لادن کے بیٹے کی شہریت ختم کر دی

یہ اعلان محکمہ احوال مدنیہ کی جانب سے کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 2 مارچ 2019 10:14

سعودی عرب نے اُسامہ بن لادن کے بیٹے کی شہریت ختم کر دی
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 مارچ 2019ء) : سعودی عرب نے اُسامہ بن لادن کے بیٹے کے شہریت ختم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق یہ اعلان محکمہ احوال مدنیہ نے کی جانب سے کیا گیا۔ محکمہ احوال مدینہ، سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا ماتحت ادارہ ہے۔ سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار کے مطابق محکمہ احوال کی جانب سے اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ حمزہ کی شہریت ساقط کرنے کا شاہی فرمان (15690 ، 21 ربیع الاول 1440ھ ) کو جاری ہوا تھا۔

جاری اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ یہ ام القریٰ سرکاری گزٹ کے ریکارڈ پر بھی جاری کردیا گیا۔ واضح رہے کہ امریکہ نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کی معلومات فراہم کرنے والے کو 10لاکھ ڈالر انعام دینے کا اعلان کر دیا تھا۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ نے القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 10لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا جب کہ امریکہ پہلے ہی حمزہ بن لادن کو سرکاری طور پر عالمی دہشت گرد قرار دے چکا ہے۔

(جاری ہے)

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی حکام کا ماننا ہے کہ حمزہ بن لادن افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں نہ صرف موجود ہے بلکہ دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیم ’القاعدہ‘ کے سربراہ کے طور پرابھر بھی رہا ہے۔ حمزہ بن لادن کی جانب سے گذشتہ سالوں کے دوران کئی آڈیو و ویڈیو پیغامات جاری کیے گئے جن میں تنظیم کے جنگجوؤں سے کہا گیا کہ وہ اس کے والد کی موت کا بدلہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے لیں۔ اس حوالے سے برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کو اگست 2018 میں دئے گئے ایک انٹرویو کے دوران اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد العطاس کا کہنا تھا کہ حمزہ بن لادن نے القاعدہ میں اہم جگہ بنالی ہے تاکہ اپنے والد کی موت کا بدلہ لے سکے۔