متوقع بارشوں میں عوام کو ریلیف فراہم کریں گے :جان محمد بلوچ

ہفتہ 2 مارچ 2019 17:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2019ء) محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں ہفتہ اور اتوار سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی پر بلدیہ ملیر میں رین ایمرجنسی نافذ، متعلقہ محکمہ جات کی چھٹیا ں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ رین ایمر جنسی کنٹرول روم فعال کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات مکینیکل و الیکٹریکل، با غات ، سولڈ ویسٹ اور انتظامی افسران و ملازمین کی تعطیلات کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئیں اورہائی الرٹ رہنے کی ہدایت۔

بلدیہ ملیر میں متوقع بارشوں کے دوران عوام کی مشکلات کے ازالے اور انہیں بلدیاتی بنیادوں پر فوری ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کنٹرول روم فعال کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

بلدیہ ملیر کی عوام اپنی شکایات ٹیلیفون نمبر 02199333644 پر درج کروا سکتے ہیں ۔ محکمہ موسمیات کی نئی ایڈوائزری کے مطابق بارشوں کا نیا سسٹم ہفتے سے کراچی اور ملحقہ علاقوں میں برسات کا امکان ہے۔

اجلاس میں متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے چیئرمین بلدیہ ملیر نے کہا کہ بلدیہ ملیر کے نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی فوری اور ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنانے کیلئے ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر انتظامات تیار رکھے جائیں۔برساتی نالوں کی بحالی اور روانی کیلئے اقدامات عمل میں لائے جائیں،مرکزی وذیلی شاہراہوں پر بجلی کے تاروں سے ٹکرانے والے درختوں کی کٹائی اور سینٹرل آئرلینڈ کے پودوں کی چھٹائی عمل میں لائی جائے، چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ برسات کے دوران بجلی کے پول ، دیگر برقی مصنوعات اور برساتی نالوں سے دور رہیں، انسانی جان بہت قیمتی ہے اس کی حفاظت کریں ۔

چیئرمین بلدیہ ملیر نے ہینگ ژو جن جیانگ گروپ کے جنرل منیجر کو بھی صفائی ستھرائی کے سلسلے میں تعطیلات میں کارِ منصبی کی انجام دہی پر پابند رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔اجلاس میں وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت،میونسپل کمشنر صفدر علی بگھیو،اراکین کونسل اور بلدیاتی محکمہ جاتی سربراہان شریک تھے۔