Live Updates

پی آئی اے ملک کے چار بڑے ائر پورٹس کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا

ہفتہ 2 مارچ 2019 19:28

پی آئی اے ملک کے چار بڑے ائر پورٹس کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2019ء) پی آئی اے نے چار روز تک فضائی حدود کی بندش کے بعد ملک کے چار بڑے ائر پورٹس کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیاہے ۔ان ائر پورٹس سے پی آئی اے کی معمول کی شیڈول پروازیں روانہ ہو رہی ہیں۔ وفاقی وزیر ہوابازی محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہدایات دی ہیں کہ مسافرں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور خاص طور پر سعودی عرب میں عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافروں کو پروازوں میں ترجیح دی جائے کیونکہ ان کو ویزہ کی مدت میں مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک پروازوں کی بحالی کے آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں انہوں نے پی آئی اے کارکنان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اس بحالی آپریشن کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران چار سو سے زائد پروازیں اور پچیس ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔ پروازوں کی بحالی کے بعد تقریباً آٹھ ہزار مسافروں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچا دیا گیا ہے ۔

پی آئی اے پسنجر سروس، ریزرویشن اینڈ ٹکٹنگ، انجینئرنگ ، فلائٹ سروس ، فلائٹ آپریشنز اور دیگر شعبہ جات کے کارکنان بحالی آپریشن کے دوران مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں تا کہ اس کو کامیابی سے مکمل کیا جاسکے۔پی آئی اے نے فضائی حدود کی بندش کے دوران کراچی سے مسافروں کو زمینی راستے سے لاہور، پشاور ، کوئٹہ اور اسلام آباد پہنچایا گیا ۔

پی آئی اے کا بیرون ملک مختلف ممالک میں تعینات سٹاف مسافروں کی سہولیات کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ ؂پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو ارشد ملک نے کہا ہے کہ انشاء اللہ بہت جلد حالات معمول پر آجائیں گے لیکن مکمل بحالی تب ہو گی جب ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس سے پروازیں شروع ہو جائیں گی۔ مزید برآں پی آئی اے کی بیجنگ، کوالالمپور اور بنکاک کے لئے پروازیں عارضی طور پر بند رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں اور حکومت کو یقین دلاتے ہیں کہ کم سے کم وقت میں مسافروں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچا کے بحالی آپریشن کو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے ملک اور قوم کے اس مشکل وقت میں مسافروں کی جانب سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات