فوجی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے نانگا پربت پر لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش

اسپین کے باشندے الیکس ٹکسی کون اور ڈاکٹر سمیت ان کے 3 ساتھی لاپتہ کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے میں مدد کی کوشش کر رہے، الپائن کلب

پیر 4 مارچ 2019 18:38

فوجی ہیلی کاپٹرز کی مدد سے نانگا پربت پر لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش
نانگا پربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2019ء) فوجی ہیلی کاپٹرز نے 4 ہسپانوی رضاکاروں کے ساتھ دنیا کے 9 ویں اونچے ترین پہاڑ نانگا پربت پر لاپتہ ہونے والے یورپین کوہ پیما جوڑے کی تلاش کی۔امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اطالوی کوہ پیما ڈینلی نردی اور برٹن ٹام بالارڈ ایک ہفتے سے اس پہاڑ پر لاپتہ ہیں جسے ’قاتل پہاڑ‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ برٹن ٹام بالارڈ کی والدہ 1995 میں دنیا کے دوسرے بڑے پہاڑ کے ٹو پر ہلاک ہوگئی تھیں۔ ایک روز قبل خراب موسم نے تلاشی کے عمل کو ناکام بنا دیا تھا تاہم پیر کو آسمان صاف ہونے کے بعد اسکردو کے شمالی علاقے سے 2 فوجی ہیلی کاپٹرز نے 4 ہسپانوی رضاکاروں کے ساتھ پرواز کی۔الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری قرار حیدری کا کہنا تھا کہ اسپین کے باشندے الیکس ٹکسی کون اور ڈاکٹر سمیت ان کے 3 ساتھی لاپتہ کوہ پیماؤں کو تلاش کرنے میں مدد کی کوشش کر رہے۔

(جاری ہے)

قرار حیدری نے کہا کہ یہ لوگ تلاش کا عمل شروع کرنے کے لیے بیس کیمپ پر انتظار کرنے والے پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ کو جوائن کریں گے، امید ہے کہ بہتر موسم ٹیم کو دن میں تلاش کا عمل مکمل کرنے کی اجازت دے گا۔انہوں نے کہا کہ رضاکاروں کا منصوبہ ہے کہ وہ اس عمل کے دوران ڈرون کا بھی استعمال کریں۔دوسری جانب اس عمل کو دیکھنے والے اطالوی سفیر اسٹیفانو پونٹیکوو نے ٹوئٹ کی کہ الیکس ٹیکسی کون کون اور ریسکیو ٹیم کو نانگا پربت پر کیمپ 1 پر چھوڑنے کے لیے اسکردو سے فوجی ہیلی کاپٹر نے اڑان بھری۔

اپنی خطرناک حالت کی وجہ سے قاتل پہاڑ کہلانے والے نانگا پربت کو سر کرنا پرجوش کوہ پیماؤں کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے۔ پاکستان کے گلگت بلتستان کے علاقے میں واقع نانگا پربت دنیا کا 9واں اونچا پہاڑ ہے، جس کی اونچائی 8 ہزار ایک سو 26 میٹرز (26 ہزار 660 فٹ) ہے۔ڈینلی نردی اور برٹن ٹام بالارڈ نے 22 فروری کو پہاڑ پر چڑھنے کا آغاز کیا تھا اور 24 فروری کو جوڑے کی جانب سے نانگا پربت پر 6 ہزار 3سو میٹرز (قریباً 20 ہزار 7 سو فٹ) پر آخری رابطہ کیا گیا۔

بعد ازاں پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے باعث فضائی حدود کی بندش کے باوجود پاکستان نے تلاشی کے لیے ہیلی کاپٹر روانہ کیے تاہم کوہ پیماؤں کی تلاش نہ ہوسکی۔42 سالہ ڈینلی نردی نے ماضی میں متعدد مرتبہ نانگا پربت سمٹ میں شرکت کی تھی جبکہ برٹن ٹام بالارڈ برطانوی کوہ پیما الیسن ہارگریوز کے بیٹے ہیں۔الیسن ہارگریوز وہ پہلی خاتون تھی جنہوں نے ماؤنٹ ایوریسٹ کو علیحدہ سر کیا تھا، تاہم 33 برس کی عمر میں کے ٹو سر کرنے کے دوران وہ ہلاک ہوگئی تھیں۔