کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل -فور)کے انعقاد اور امن کراچی کے لوگوں کی کامیابی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

جو عناصر امن و امان اور تعمیری سرگرمیاں نہیں چاہتے ان عناصر کی یہ شکست ہے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو اس وقت ہماری تمام تر توجہ پی ایس ایل کے ایونٹ کو کامیاب بنانے پر مرکوز ہے،جیسے ہی پی ایس ایل کا آغا ہوگا شہر کو بڑے پیمانے پر سجایا جائیگا

پیر 4 مارچ 2019 23:23

کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل -فور)کے انعقاد اور امن کراچی کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2019ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل -فور)کے انعقاد اور امن کراچی کے لوگوں کی کامیابی ہے اور جو عناصر امن و امان اور تعمیری سرگرمیاں نہیں چاہتے ان عناصر کی یہ شکست ہے۔ انہوں نے یہ بات نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گذشتہ سال ہم نے ایک میچ مانگا تھا مگر اس سال 8 میچ مل گئے ، گذشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا تھا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کیلئے پاکستان اور بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کیلئے تمام تر ضروری اور مناسب انتظامات کیئے جائیں گے اور اسٹیڈیم کے اندر اور باہر شائقین کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ پوری کوشش ہوگی کہ پی سی بی کے ساتھ ملکر پی ایس ایل کے ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے کہ ان کی وجہ سے ایک بڑاایونٹ پاکستان میں ہونے جا رہا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ اس وقت ہماری تمام تر توجہ پی ایس ایل کے ایونٹ کو کامیاب بنانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے آٹھ میچز کے انعقاد سے دنیا بھر میں ایک مثبت پیغام پھیلے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی پی ایس ایل کا آغا ہوگا شہر کو بڑے پیمانے پر سجایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کوئی بھی ٹیم جیتے جیت پاکستان کی ہوگی۔قبل ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور پی ایس ایل کے میچز کے حوالے سے اسٹیڈیم میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ کیا اور انہوں نے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقعہ پر صوبائی وزرا سعید غنی، ناصر حسین شاہ، صوبائی مشیر مرتضی وہاب، چیف سیکریٹری ممتاز علی شاہ، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی بھی وزیراعلی سندھ کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایس یو، ضلع پولیس اور رینجرز کھلاڑیوں اور روٹس کی سکیورٹی کے انتظامات سنبھالے گی۔

وزیراعلی سندھ نے کراچی پیکج کے پی ڈی کو اسٹیڈیم کی قریبی سڑکوں کی مرمت اور انہیں خوبصورت بنانے اور پارکنگ ایریاز کے باقاعدہ انتظامات کو یقینی بنانے کہ ہدایت کی۔ وزیراعلی سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کو ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کے اطراف کے علاقوں میں اسٹریٹ لائیٹس کو ٹھیک کیا جائے۔ انہوں نے شاہراہ فیصل پر سائن بورڈز، لائن مارکنگ اور درخت لگانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میچز دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین اور مہمانوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔