ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ کے خلاف ویکسی نیشن مہم اگلے ماہ شروع کی جائیگی، ڈاکٹر عذرا پیچوہو

پیر 4 مارچ 2019 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2019ء) صوبائی وزیر برائے صحت اور پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ کے خلاف ویکسینیشن مہم اگلے ماہ شروع کی جائے گی تاکہ اس بیماری سے عوام کو محفوظ کیا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت سعید احمد اعوان، پروجیکٹ ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر ظہور بلوچ، این آئی سی ایچ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا آغا خان یونیورسٹی کی ڈاکٹر فرح ناز قمر ایڈیشنل سیکرٹری اصغر میمن آور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے افسران کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن مہم کے لئے ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ تقریبا 12.5 ملین ڈوز کی ضرورت ہے اور مذکورہ مہم کو کراچی سے شروع کی جائے اور بتدریج اس کو دیگر اضلاع تک پھیلا یا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ بیماریوں کے خلاف جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور ضرورت اس امر کی عوام میں صحت سے متعلق عوام میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے پانی ابال کر پیئیں اور انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو بھی ہدایت دی کہ مخصوص علاقوں میں کلورین کی ٹیبلٹس بھی تقسیم کی جائیں۔ صوبائی وزیر برائے صحت اور پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سیکریٹری صحت کو کہا کہ وہ محکمہ صنعت ماحولیات اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو مراسلے لکھیں کہ وہ فارموسٹیکل کمپنیوں کو پابند کریں کہ وہ اپنا ویسٹ صحیح طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حساس مسئلہ ہے اور ہم سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔