بھارت سے ورلڈ ٹی ٹوٹنی اور ورلڈ کپ 2023ءکی میزبانی چھننے کا امکان

دونوں ٹورنامنٹس سے ایک ایک سال پہلے بھارتی بورڈ کو حکومت سے تحریری ضمانت لینا ہو گی: آئی سی سی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 5 مارچ 2019 13:16

بھارت سے ورلڈ ٹی ٹوٹنی اور ورلڈ کپ 2023ءکی میزبانی چھننے کا امکان
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5مارچ 2019ء) بھارت کی پاکستان مخالف حرکتوں کی بازگشت انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھی سب نے سنی جہاں پاکستان نے آئی سی سی پر واضح کیا کہ اگر بھارت پاکستانی کرکٹرز کو ویزوں کے اجراءکی یقین دہانی تحریری صورت میں نہیں کراتا تو اس سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ورلڈ کپ2023ءکی میزبانی واپس لی جائے۔دبئی میں آئی سی سی کے اجلاس کے دوران پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ویزوں کے اجراءکی پیشگی اور تحریری ضمانت نہ دیئے جانے پر بھارت سے میگا ایونٹس کی میزبانی واپس لی جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی کو بتایا کہ حال ہی میں بھارتی حکومت نے پاکستانی شوٹنگ اور سنوکر کی ٹیموںکو ویزہ دینے سے انکار کیا تھا جسکی وجہ سے پاکستانی کھلاڑی انٹر نیشنل ایونٹس نہیں کھیل سکے لہذا اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز کو ویزہ جاری کیا جائیگا،احسان مانی کے بیان پر آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے کہا کہ بھارت میں شیڈول دونوں ٹورنامنٹس سے ایک ایک سال پہلے بی سی سی آئی کو اپنی حکومت سے تحریری ضمانت لینا ہو گی،آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو کہا کہ وہ نومبر تک اپنی حکومت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزہ دینے کی تحریری یقین دہانی حاصل کر کے بتائے ورنہ آئی سی سی بھارت سے میزبانی واپس لے سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارت نے 2021ءمیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور 2023ءمیں آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے،چوں کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پہلے ہے اس لیے بھارت سے کہا گیا ہے کہ نومبر میں آ ئی سی سی کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی تحریری یقین دہانی درکار ہے۔