پی ایس ایل کے میچز کے لیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں،کراچی پولیس چیف

مقابلوں کے دوران پولیس 13ہزار افسران اور اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے ،ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی پریس کانفرنس

منگل 5 مارچ 2019 16:02

پی ایس ایل کے میچز کے لیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں،کراچی پولیس چیف
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2019ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کے لیے انتظامات مکمل کرلیے ہیں ۔مقابلوں کے دوران پولیس 13ہزار افسران اور اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے ۔اس مرتبہ کراچی میں 8میچز منعقد ہوں گے ،یہ فورسز پر اعتماد کا مظہر ہے ۔پی ایس ایل کے دوران تماشائیوں کی چیکنگ ضرور ہوگی مگر ان کو تنگ نہیں کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو نیشنل اسٹیڈیم میں اعلیٰ حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ پی ایس ایل میچز سے متعلق انتظامات اور اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ میچز کے لیے انتظامات پورے ہیں،کچھ کمی رہ جائے تو معذرت خواہ ہیں۔کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ ہم نے فل ڈریس ریہرسل کی ہے،تمام اداروں سے رابطہ ہے۔

(جاری ہے)

میچز کے دوران چیکنگ ہوگی مگر عوام کو تنگ نہیں کیاجائیگا۔ انھوں نے دعوی کیا کہ اس بار اسٹیڈیم میں کھانے پینے کا اچھا انتظام ہوگا۔انہوںنے کہا کہ اسٹیڈیم کے گیٹ 2بجے کھول دیئے جائیں گے۔ میچ سے 2 گھنٹے پہلے گیٹ بند ہوجائیں گے۔ یونیورسٹی روڈ پر 4 جگہ پارکنگ ہوگی،ڈالمیا روڈ پر بھی ایک پارکنگ ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پارکنگ سے اسٹیڈیم تک شٹل سروس چلائی جائے گی۔

انہوںنے کہا کہ تمام اداروں اور شہریوں کو مل کے اس ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے، اس دفعہ آٹھ میچ کراچی میں ہو رہے ہیں یہ فورسز پراعتما د کا مظہر ہے، ہمارے اجلاس بھی چل رہے ہیں اور کومبنگ آپریشن بھی جارہی ہے۔کراچی پولیس چیف نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل مقابلوں کے دوران صرف پولیس کے 13 ہزار لوگ ڈیوٹی دیں گے، 50 ایس ایس پی 700 لیڈیز پولیس اہلکار ہوں گی اور سیکیورٹی کے تین حصار بنائے جائیں گے۔

ہوٹل اور تمام روٹس پر اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے، محکمہ صحت کے الیکٹرک، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس سب رابطے میں ہوں گے۔امیرشیخ نے کہا کہ تلاشی کا بھرپور طریقہ کار ہوگا، دشمنوں کو مات دینے کے لئے اپنے ارد گرد کے مشکوک افراد کی اطلاع پولیس اور رینجرز کو دیں۔پی ایس ایل مقابلوں کی سیکیورٹی کی فضائی نگرانی کے لیے دو ہیلی کاپٹرز مامور ہوں گے۔ اسٹیڈیم سے باہرکی سیکیورٹی کی ذمہ داری پولیس کی ہوگی اور اسٹیڈیم کے اندر سیکیورٹی رینجرز سنبھالے گی۔یاد رہے کہ پاکستان کے سپرلیگ 4 کے لاہور میں ہونے والے تین میچ بھی کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں جس کے سبب سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں۔