پاکستان سے رمضان اور عید کی شاپنگ کرکے واپس جانے والی پاکستانی خاتون دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثے میں شوہر سمیت جاں بحق

گاڑی سڑک کے عین بیچ میں کھڑی کرنا اس درد ناک حادثے کابا عث بنا، افسوس ناک حادثے میں متوفی پاکستانی جوڑے کا چھوٹا بیٹا معجزانہ طور پر بال بال بچ گیا

muhammad ali محمد علی منگل 5 مارچ 2019 20:29

پاکستان سے رمضان اور عید کی شاپنگ کرکے واپس جانے والی پاکستانی خاتون ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5 مارچ 2019ء ) دُبئی العین روڈ پر ایک بھیانک حادثے کے نتیجے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والا خاندان دُنیا سے رخصت ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدقسمت خاندان کی گاڑی کو سڑک پر ایک معمولی سا حادثہ پیش آیا تھا۔ مگر اُن سے غلطی سے یہ ہوئی کہ گاڑی سڑک کنارے کھڑی کرنے کی بجائے سڑک کے عین درمیان میں روک دی۔ تھوڑی دیر بعد پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار فور وہیل لیکسز گاڑی نے جسے ایک خلیجی باشندہ چلا رہا تھا، پیچھے سے اُن کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔

حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ کار ٹکر کی شدت سے کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی دُور جا گری۔ جس میں بیٹھا 29 سالہ پاکستانی نوجوان محمد فیاض، اُس کی بیوی اور بہن موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ الفقاء پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر کرنل سعید الخیلی نے بتایا کہ یہ حادثہ رات پونے نو بجے دُبئی العین روڈ پر ال لاسیلی برِج سٹیشن کے قریب پیش آیا۔

(جاری ہے)

کار چلانے والے پاکستانی نوجوان نے گاڑی کو معمولی سا حادثہ پیش آنے کے بعد اُسے ہائی وے کے کنارے روکنے کی بجائے سڑک کے بیچ میں کھڑا کر دیا۔

پیچھے سے آنے والی کار کے ڈرائیور نے بھی لاپرواہی سے کام لیتے ہوئے سڑک پر کھڑی گاڑی پر توجہ نہ دی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آگیا۔ گاڑی کو ٹکر مارنے والے خلیجی ڈرائیور نے پولیس کے رُوبرو اعتراف کر لیا کہ اُس کی غفلت کے باعث یہ جان لیوا حادثہ پیش آیا ہے۔ اس افسوس ناک حادثے میں متوفی پاکستانی جوڑے کا چھوٹا بیٹا بال بال بچ گیا ہے، جسے ذرا بھی خراش نہیں آئی۔

متوفیان کی میتوں کو جلد پاکستان منتقل کر دیا جائے گا۔ جاں بحق ہونے والے جوڑے کے اہل خانہ نے بتایا ہے کہ فیاض محمد دبئی میں ہی پیدا ہوا اور یہیں پلا بڑھا تھا۔ جبکہ اس کی اہلیہ فائزہ شادی کے بعد پاکستان سے دبئی منتقل ہوئی تھی۔ حال ہی میں فائزہ کے ویزے کے مسائل حل ہوئے تھے جس کے بعد اب اسے ہر 3 ماہ بعد پاکستان واپس جانے کی ضرورت نہیں تھی۔ حال ہی میں فائزہ پاکستان میں اپنی جڑواں بہن کی شادی میں شرکت کرکے اور رمضان المبارک اور عید کی شاپنگ کرکے دبئی واپس آئی تھی۔ تاہم قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور فائزہ اور اس کا شوہر ایک حادثے میں جان گنوا بیٹھے۔