Live Updates

چینی کمپنی کے سربراہ کی وزیراعظم سے ملاقات‘2ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان

کمپنی پاکستان میں ہیوی مشنری پلانٹ لگائے گی اور 50 لاکھ گھروں کے حکومتی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 مارچ 2019 13:32

چینی کمپنی کے سربراہ کی وزیراعظم سے ملاقات‘2ارب ڈالرکی سرمایہ کاری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 مارچ۔2019ء) وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ایکس سی ایم جی کمپنی کےگلوبل سیلز پریزیڈنٹ ڈاکٹر ہنسن لیو نے پاکستان میں2 بلین ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا جبکہ چینی کمپنی پاکستان میں ہیوی مشنری پلانٹ لگائے گی اور 50 لاکھ گھروں کے حکومتی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی.

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان مشکل حالات میں بھی بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، وزیراعظم سے ایکس سی ایم جی کمپنی کےگلوبل سیلزپریزیڈنٹ ڈاکٹرہنسن لیو نے ملاقات کی ، ملاقات میں ڈاکٹرہنسن لیونےپاکستان میں2بلین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کیا ، سرمایہ کاری ہاﺅسنگ اور مینو فیکچرنگ کے شعبے میں کی جائے گی.

اس موقع پر چینی کمپنی نے پاکستان میں ہیوی مشنری پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ، کمپنی کااونچی عمارتوں اورہاﺅسنگ یونٹس کی تعمیرمیں وسیع تجربہ ہے جبکہ 50 لاکھ گھروں کےحکومتی منصوبےکوپایہ تکمیل تک پہنچائےگی. وزیراعظم کی جانب سے چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کی خواہش کا خیرمقدم کیا گیا اور سرمایہ کاروں کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا.

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کوتحفظ فراہم کررہی ہے، سرمایہ کاری میں آسانی،مراعات کا بہترخیال رکھاجارہاہے‘ملک میں کاروبارکے لئے دوستانہ ماحول فراہم کررہے ہیں. انھوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیرحکومت کااہم منصوبہ ہے، منصوبے سے روزگار اور انڈسری کو فروغ ملے گا. یاد رہے گذشتہ ماہ کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان سے ایڈوٹکوگروپ ملائشیا کے چیئرمین کی ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں ایڈوٹکوگروپ نے پاکستان میں250ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا گروپ پہلے سے پاکستان میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے، اگلے 5سال میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائےگی.

اس سے قبل وزیرِاعظم سے کارگل نامی ایک بین الاقوامی کمپنی کے ہیڈ مارشل اسمتھ نے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی ملاقات کی تھی ، کمپنی کے سربراہ مارشل اسمتھ نے پاکستان میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا. مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کر پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات