افغانستان: ننگر ہار میں تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر خود کش حملے ،5 حملہ آوروں سمیت 21ہلاک،9 زخمی

بدھ 6 مارچ 2019 20:20

افغانستان: ننگر ہار میں تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر خود کش حملے ،5 حملہ ..
جلال آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مارچ2019ء) افغان صوبے ننگر ہار میں ایک تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر دو خود کش حملہ آوروں اور تین مسلح دہشت گردوں نے حملہ کر کے سولہ افراد ہلاک کر دیے۔ پانچوں حملہ آور بھی ہلاک کر دیے گئے۔افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں ایک دہشت گردانہ حملے کے دوران حملہ آوروں سمیت اکیس افراد ہلاک ہو گئے۔

ننگر ہار صوبے کے گورنر کے ترجمان آیت اللہ خوگیانی کے مطابق اس حملے میں نو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔خوگیانی کے مطابق دہشت گردانہ حملہ جلال آباد کے ہوائی اڈے کے قریب ایک تعمیراتی کمپنی کے دفتر پر کیا گیا۔ دو خودکش حملہ آوروں نے تعمیراتی کمپنی کے باہر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد تین مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

(جاری ہے)

آیت اللہ خوگیانی کے مطابق دہشت گردانہ کارروائی مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے شروع ہوئے اور دن گیارہ بجے تک جاری رہی۔

خود کش حملوں اور اس کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں تعمیراتی کمپنی کے سولہ اہلکار ہلاک ہو گئے جن میں کمپنی کے سکیورٹی گارڈ بھی شامل تھے۔ علاوہ ازیں نو افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے چار کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق حملے کے بعد افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔

سکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی میں تینوں مسلح دہشت گرد مار دیے گئے۔نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق افغان سکیورٹی فورسز نے ایک کار میں نصب بم ناکارہ بنا دیا اور دو خود کش جیکٹیں بھی تباہ کر دیں۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ دہشت گردوں نے تعمیراتی کمپنی کو نشانہ کیوں بنایا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ حملہ کا نشانہ بننے والی تعمیراتی کمپنی مقامی تھی۔ ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔جلال آباد افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار کا دارالخلافہ ہے، جس کی سرحدیں پاکستان سے ملتی ہیں۔ اس صوبے میں سن 2015 سے دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ سرگرم ہے۔