محکمہ زراعت پنجاب اور موبی لنک (جاز)کمپنی کے مابین مفاہمتی دستاویز پر دستخط کی تقریب کا زراعت ہاؤس لاہور میں انعقاد

کاشتکاروں کو شفاف طریقے سے سبسڈی کی رقم کی براہ راست منتقلی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا‘وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال

بدھ 6 مارچ 2019 22:44

محکمہ زراعت پنجاب اور موبی لنک (جاز)کمپنی کے مابین مفاہمتی دستاویز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2019ء) صوبہ پنجاب میں کاشتکاروں کو مختلف منصوبوں کے تحت 2ارب 61کروڑ روپے سے زیادہ کی نقد رقم بطور سبسڈی براہ راست کاشتکاروں کو منتقل کی جارہی ہے۔یہ بات ملک نعمان احمد لنگڑیال وزیر زراعت پنجاب نے آج ایگریکلچر ہاؤس لاہور کے آڈیٹوریم میں محکمہ زراعت پنجاب اور مو بی لنک کمپنی کے مابین مفاہمتی دستاویز پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ظفر یاب حیدر ڈائریکٹر جنرل (پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز)پنجاب، شہزاد صابرڈائریکٹر زراعت(توسیع)، چوہدری عبدالغفور ڈائریکٹر زراعت، محمد رفیق اختر ڈائریکٹر زرعی اطلاعات، مسعود قادر ڈائریکٹر زراعت کے علاوہ سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ موبی لنک کی طرف سے علی نصیر سی ای او اور ان کی ٹیم شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب نے واضح کیا کہ کاشتکاروں کی مالی معاونت کا مقصد پیداواری اخراجات کو کم کرنا ہے۔

اس لیے حکومت موبی لنک کمپنی کے تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سبسڈی کی براہ راست کاشتکاروں کو منتقلی یقینی بنائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے ڈی اے پی کھاد پر 500/-روپے فی بوری تک جبکہ پوٹاش کھاد وں پر800/-روپے فی بوری تک سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ کپاس کے بیج پر فی بیگ 1000/-روپے سبسڈی دی جائے گی اور اس سکیم کے ذریعے 1لاکھ ایکڑ رقبے کے لیے کپاس کا بیج فراہم کیا جائے گا۔

وزیر زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ تیلدار فصلات کے زیر کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ کے پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے اور اس سکیم کے تحت سورج مکھی اور تل کی کاشت پر 5000/-روپے فی ایکٹر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے مفاہمتی دستاویز پر شہزاد صابر ڈائریکٹر زراعت(توسیع)جبکہ موبی لنک کی طرف سے علی نصیر سی ای او نے دستخط کیے۔ اس موقع پر موبی لنک کے سی ای او نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سیسبسڈی سکیموں کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے آئی سی ٹی (ICT)کا استعمال قابل تعریف ہے اور موبی لنک کے انفراسٹرکچر کے ذریعے کاشتکار اپنے علاقہ میں بہ آسانی مالی سبسڈی حاصل کر سکیں گے