Live Updates

حکومت نے نئے گھر کی تعمیر کے این او سی کے حصول کے لیے نئی شرط رکھ دی

اب ہر گھر میں ایک درخت ملے گا، پنجاب حکومت نے نئے گھر کی تعمیر کا این او سی شجرکاری سے مشروط کرنے کا فیصلہ کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 7 مارچ 2019 12:59

حکومت نے نئے گھر کی تعمیر کے این او سی کے حصول کے لیے نئی شرط رکھ دی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07مارچ 2019ء) ہر گھر میں ایک درخت لگایا جائے گا۔پنجاب حکومت نے نئے گھر کی تعمیر کا این او سی شجرکاری سے مشروط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے قومی اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید نے رائیونڈ روڈ اڈہ پلاٹ پر پودا لگا کر رنگ روڈ گرین کوریڈور منصوبے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر محمود الرشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری کو فروغ دینے کے لیے ایل ڈی اے کو اس امر کا پابند کر رہے ہیں کہ گھروں میں درخت لگانے والوں کو ہی این او سی جاری کیے جائیں گے۔

ہاؤسنگ سکیم 10 مرلے کے گھر میں دو درخت جبکہ ایک کنال کے گھر میں میں تین درخت لگائے جائیں گے۔چیئرمین پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ درخت لگانے کے لئے 11 انکلیو بنائے گئے ہیں اور کم از کم چھ فٹ کے درخت لگائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سب سے بڑے شجرکاری منصوبے کا اعلان کیا تھا ،جس کے تحت خیبرپختونخواہ کے بلین ٹری سونامی منصوبے کی طرز پر ملک بھر میں 10 ارب کے قریب درخت لگائے جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں اربوں درخت لگانے کا اعلان کیا۔ قوم سے اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں درخت لگانے کی مہم چلانی ہے، شہروں میں بھی درخت لگائے جائیں گے، نوجوانوں کو ساتھ ملا کر پاکستان کو ہرا بھرا بنائیں گے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان صرف اپنے اعلان تک محدود نہیں رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اس منصوبے کی باگ دوڑ اپنے دیرینہ دوست اور خیبرپختونخواہ بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کا مرکزی خیال پیش کرنے والے ماہر ماحولیات ملک امین اسلم کو سونپنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردیا منصوبہ ممکنہ طور پر دنیا کے کسی بھی ملک کی جانب سے اعلان کردہ سب سے بڑا شجرکاری کا منصوبہ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ شجرکاری منصوبے کے تحت ایک اندازے کے مطابق ملک بھر میں 10 ارب سے زائد درخت لگائے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات