شاہدخاقان عباسی نیب میں پیش نہ ہوئے

بیرون ملک ہوں، آج پیش نہیں ہوسکتا. سابق وزیراعظم کی درخواست

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 مارچ 2019 14:45

شاہدخاقان عباسی نیب میں پیش نہ ہوئے
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 مارچ۔2019ء) سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی بیرون ملک ہونے کے باعث آج نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے.تفصیلات کے مطابق، جمعرات کو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بیرون ملک ہونے کے باعث نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے. نیب نے ایل این جی اسکینڈل کیس میں شاہد خاقان عباس کوطلب کررکھا تھا تاہم حاضر نہ ہونے کے باعث شاہد خاقان عباسی مقررہ وقت پر جواب جمع نہیں کرو سکے.

ترجمان نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہونے سے متعلق خط موصول ہوا ہے جس کا جائزہ لے رہے ہیں کہ وہ کس وجہ سے بیرون ملک میں ہیں.

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایاکہ شاہد خاقان عباسی کو 70سوالات دیئے جن کے جواب ابھی تک موصول نہیں ہوئے. ایل این جی اسکینڈل میں شاہد خاقان عباسی 19 فروری کو نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور انہیں سوالات کا جواب دینے کیلئے 28 فروری تک مہلت دی تھی تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے.

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلبی کے ساتھ نیب سوالات کے جوابات بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی. شاہد خاقان عباسی کی جانب سے نیب کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک ہوں، آج پیش نہیں ہوسکتا، 17 مارچ کے بعد کی تاریخ دے دیں. یاد رہے اکتوبر 2018 میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی اسکینڈل کیس دوبارہ کھولنے اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ نیب کی جانب سے وزارت پٹرولیم کو خط لکھ گیا تھا، جس میں متعلقہ وزارتوں سے ریکارڈ طلب کیا تھا.

واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور حکومت میں سابق وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطرکے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پردستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہرسال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے.