Live Updates

چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار میں خواتین کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں‘افتخار علی ملک

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر کی خواتین چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو

جمعرات 7 مارچ 2019 15:15

چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار میں خواتین کیلئے بے پناہ مواقع موجود ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2019ء) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ اسلام دنیا کا واحد دین ہے جو زندگی کے ہر شعبہ میں ہر سطح پر خواتین کے حقوق کو یقینی بناتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بیس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خواتین چیمبر آف کامرس کے وفد نے افتخار علی ملک سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔ وفد کی قیادت شیریں ارشد کر رہی تھیں۔ وفد میں ملک بھر کی مختلف ویمن چیمبرز کی اہم خواتین عہدیدار شامل تھیں۔ افتخار علی ملک نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ہر سطح پر خواتین کی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں معاشرے کا ایک قابل قدر اور فعال رکن بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ ہر سطح پر کاروباری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ ملکی برآمدات کے حجم کو بڑھانے کیلئے خواتین تاجروں کی اشد ضرورت ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار میں خواتین کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں کیونکہ ملک میں وسیع پیمانے پر پیداوری صلاحیت اور خود روزگاری کے مواقع موجود ہیں۔ افتخار ملک نے قائدانہ کردار کی حامل خواتین کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسف زئی پاکستان کی ایک باصلاحیت خاتون ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر نوبل انعام سمیت کئی اہم بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کئے ہیں۔

اس موقع پر خواتین چیمبرز کی رہنما شیریں ارشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت اور ان کی کابینہ ویمن چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے اور خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی کاروباری شعبہ میں خواتین کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات