انسداد دہشت گردی عدالت نے منشا بم کے بیٹے کو قبضے کے چار مختلف کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

جمعرات 7 مارچ 2019 16:56

انسداد دہشت گردی عدالت نے منشا بم کے بیٹے کو قبضے کے چار مختلف کیسز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2019ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کے بیٹے عامر منشا کو قبضے کے چار مختلف کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ملزم عامر منشاء کو سات دن کا جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج شیخ سجاد کے روبرو پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے بتایا کہ ٹائون شپ پولیس نے کاروائی کرتے پوئے عامر منشا کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ملزم عامر منشا کے خلاف ٹائون شپ میں دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں، گرفتار ملزم عامر منشا سے مختلف پہلووں پر تفتیش جاری ہے، گرفتار ملزم عامر منشا سابق ٹریفک وارڈن ہے، ملزم عامر منشا کو سنگین مقدمات میں ملوث ہونے پر نوکری سے برخواست کر دیا گیا تھا۔

استدعا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش کے لئے مزید جسمانی ریمانڈ منظوری کیا جائے۔ ملزم کے وکیل نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ ملزم سے کوئی ریکوری نہ ہوئی ہے ،عدالت ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے۔جس پر عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم عامر منشا کو قبضے کے چار کیسز میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔